امپائرز کرپشنتحقیقاتی کمیٹی کو پریذنٹیشن دینے کی ہدایت

احسان صادق کی چھٹیوں سے واپسی کے بعد رواں ہفتے کیس پر حتمی فیصلہ متوقع.


Saleem Khaliq March 17, 2013
احسان صادق کی چھٹیوں سے واپسی کے بعد رواں ہفتے کیس پر حتمی فیصلہ متوقع۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی ذکااشرف نے امپائرز کرپشن کیس پر تحقیقاتی کمیٹی کو پریذنٹیشن دینے کی ہدایت جاری کر دی۔

اس نے اپنی رپورٹ میں امپائرز کو رشوت لینے کی جانب مائل قرار دیتے ہوئے سزا دینے کا کہا ہے، کمیٹی کے سربراہ احسان صادق ان دنوں چھٹیوں پر گئے ہوئے ہیں، رواں ہفتے ان کی واپسی پر اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل ایک بھارتی ٹیلی ویژن چینل نے 3 ممالک کے 5 امپائرز کیخلاف اسٹنگ آپریشن کیا، پاکستان کے ندیم غوری اور انیس صدیقی بھی اس کی زد میں آ گئے، آئی سی سی نے ملوث امپائرز کو معطل کرتے ہوئے ان کے ممالک کو خود تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔

 

1

پی سی بی نے اس ضمن میں ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس احسان صادق کی زیرسربراہی کمیٹی تشکیل دی، اس نے کچھ عرصے قبل اپنا کام مکمل کر کے رپورٹ حکام کے حوالے کر دی،کمیٹی نے امپائرز کو براہ راست کرپشن میں ملوث تو نہیں قرار دیا مگر اس جانب مائل ضرور پایا، اسی لیے سزا کی سفارش کر دی، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ چیئرمین بورڈ ذکا اشرف نے اس حوالے سے پریذنٹیشن دینے کی ہدایت کی ہے، وہ جاننا چاہتے ہیں کہ کن شواہد کی بنیاد پر امپائرز کو سزا دی جائے۔

احسان صادق گذشتہ چند روز سے چھٹیوں پر ہیں، رواں ہفتے ان کی واپسی پر اس حوالے سے پیشرفت ہو گی، یاد رہے کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی اس حوالے سے انکوائری رپورٹس تیار کر چکے مگر انھوں نے بھی تاحال فیصلے کا اعلان نہیں کیا۔ اگر چیئرمین پی سی بی نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کو شرف قبولیت بخش دیا تو ندیم غوری اور انیس الرحمان پابندی کیساتھ جرمانے کی زد میں بھی آ جائیں گے۔

مقبول خبریں