نئی حج پالیسی کا اعلان

پاکستانی حکام کی نسبت ترکی‘ ایران‘ انڈیا اور دیگر ممالک کے حکام اپنے حاجیوں کا بھرپور خیال رکھتے ہیں

پاکستانی حکام کی نسبت ترکی‘ ایران‘ انڈیا اور دیگر ممالک کے حکام اپنے حاجیوں کا بھرپور خیال رکھتے ہیں۔فوٹو:فائل

وزارت مذہبی امور نے آیندہ سال 2018ء کے لیے حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ سرکاری اسکیم کے حج کوٹہ میں اضافہ کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ79ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

حج کے قیام کا دورانیہ 38 دن سے کم کر کے 30کے لیے مشاورت کی جائے گی۔ ہر سال حج کے بعد حاجیوں کی جانب سے حج گروپ آرگنائزر کے خلاف شکایات عام ہیں جس کی ذمے داری وزارت مذہبی امور پر عائد ہوتی ہے،اگرچہ اس بار وزارت نے ان کی کارکردگی پر نظر رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔


اب دیکھنا یہ ہے کہ واقعی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی یا پھر معاملہ بیان تک محدود رہتا ہے۔ حاجیوں کو اکثر شکایات ہوتی ہیں کہ انھیں معاہدے کے برعکس حرم سے دور رہائش گاہیں مختص کی جاتی ہیں جن کا معیار بھی اچھا نہیں ہوتا۔ کمروں میں صفائی کا ناقص معیار ہونے کے علاوہ ایک ایک کمرے میں گنجائش سے زائد حاجیوں کو ٹھہرایا جاتا ہے جس سے ان کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ دستاویزات کی گمشدگی یا کسی بھی مشکل کی صورت میں پاکستانی حکام حاجیوں کی کوئی اعانت نہیں کرتے بلکہ بعض اوقات تو ان کا رویہ حاجیوں سے انتہائی نامناسب اور ناروا ہوتا ہے۔ یوں معلوم ہوتا ہے کہ وہاں پاکستانی حاجیوں کا کوئی والی وارث نہیں اور انھیں حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

حاجیوں کی جانب سے بتائے گئے واقعات کے مطابق پاکستانی حکام کی نسبت ترکی' ایران' انڈیا اور دیگر ممالک کے حکام اپنے حاجیوں کا بھرپور خیال رکھتے، ان کی منظم انداز میں تربیت کرتے اور کسی بھی مشکل وقت میں ان کی مدد کے لیے متحرک اور سرگرم رہتے ہیں۔ حج مالیاتی لحاظ سے ایک بہت بڑا مذہبی ایونٹ ہے لہٰذا ماضی میں وزارت مذہبی امور کے حکام پر بدعنوانی کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ملک کے دیگر شعبوں کی طرح وزارت مذہبی امور کی کارکردگی بھی کوئی مثالی نہیں' دعوے تو بہت ہیں مگر کارکردگی بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ جس منظم انداز میں ترکی' ایران وغیرہ اپنے حاجیوں کی تربیت کرتے اور ان کا خیال رکھتے ہیں، ہماری وزارت مذہبی امور کو اس جانب بھی توجہ دینی چاہیے۔
Load Next Story