میجر اسحاق کو شہید کرنے والا دہشت گرد مقابلے میں ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے یہ کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی جس میں دو دہشت گرد ہلاک اور چار گرفتار ہوئے۔

میجر اسحاق کی عمر 28 سال تھی اور ان کا تعلق خوشاب سے تھا، فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ان میں سے ایک دہشت گرد میجر اسحق شہید پر حملے میں ملوث تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یہ کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں کی جس میں سیکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد ظاہر شاہ کو اپنے ساتھی سمیت ہلاک کردیا مارا گیا دہشت گرد ظاہر شاہ میجر اسحاق شہید پر حملے میں ملوث تھا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے یہ تمام دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی بڑی واردات کے لیے بارودی سرنگیں بچھانے کے مشن پر تھے سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کی تلاش میں تھیں جنہیں کامیابی ملی۔

دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے صوبے کے علاقوں ژوب، سبی، ڈیرہ مراد جمالی میں مختلف کارروائیوں میں 8 دہشت گردوں سمیت15 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، پکڑے گئے دہشت گرد پولیس پر حملوں میں ملوث تھے، دہشت گردوں سے70 کلو گرام دھماکا خیز مواد، ہتھیار، مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ہیں۔
Load Next Story