ادیتیہ چوپڑا کی رنویر سنگھ کے ساتھ ایک اور فلم کی خواہش

 ممبئی: معروف بالی ووڈ ہدایت کار ادیتیہ چوپڑا نے رنویر سنگھ کے ساتھ ایک اور فلم کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

بالی ووڈ میں ’رام لیلا‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ جیسی تاریخی فلموں میں اپنی حقیقی اور جانداراداکاری سے لوہا منوانے والے چلبلے اداکار رنویر سنگھ نے لگن اور محنت سے ایسا مقام بنایا کہ جس سے نہ صرف مداح ان کے گرویدہ ہیں بلکہ انہوں نے تمام ہدایت کاروں اور فلمسازوں کی نظریں بھی اپنی جانب مرکوز کرالی ہیں اور ہدایت کاروں کی پہلی ترجیح بھی اب رنویرہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہدایت کارادیتیہ چوپڑا نے ایک بار پھر رنویر سنگھ کے ساتھ فلم کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رنویر سنگھ کے نئے روپ سے مداح حیران

بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق یش راج فلم کے سربراہ اور معروف ہدایت کار ادیتیہ چوپڑا نئی فلم بنانے پر کام کررہے ہیں۔ فلم میں ہیرو کے لیے رنویر سنگھ اُن کی پہلی ترجیح ہیں جب کہ ہیروئن اور فلم کا نام تاحال زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم 2019 میں ریلیز کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2016 میں ادیتیہ چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بے فکرے‘ میں رنویر سنگھ اور وانی کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔