284 سابق ارکان پارلیمنٹ فون کے بلوں کی عدم ادائیگی پر پی ٹی سی ایل کے نادہندہ
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق بجلی اور گیس سمیت ہر قسم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کرنے والے ادارے کا نادہندہ کوئی بھی شخص انتخابات لڑنے کا اہل نہیں۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ کی جانب سے فون کے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے 284 ارکان پارلیمنٹ کی فہرست الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فہرست میں شامل 284 ارکان پارلیمنٹ پی ٹی سی ایل کے مجموعی طور پر ایک کروڑ21 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔ نادہندہ افراد میں مخدوم امین فہیم، چوہدری نثار، قمر زمان کائرہ، اسفندیار ولی خان، چوہدری شجاعت،منظور وٹو، فاروق ستار، بابر غوری، ندیم افضل چن ، انوشہ رحمان اور بشریٰ رحمان بھی شامل ہیں۔
فہرست کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ 60 ہزار، مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت 32 ہزارروپے، میرہزار خان بجارانی 28 ہزار، ندیم افضل چن 17 ہزار روپے، فیصل کریم کنڈی 29 ہزار 326، چودھری نثار 38 ہزار 900 روپے، جمشید دستی 13 ہزار 152، مولانا فضل الرحمان 25 ہزار 227 روپے، اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا 22 ہزار 638، ڈاکٹر فاروق ستار 8ہزار 309 روپے ، اسفند یار ولی 2 ہزار 244 روپے، چوہدری احمد مختار 86 ہزار 225 روپے، انوشہ رحمان 12 ہزار جبکہ عبدالقادر پٹیل کے ذمے22 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق بجلی اور گیس سمیت ہر قسم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کرنے والے ادارے کا نادہندہ کوئی بھی شخص انتخابات لڑنے کا اہل نہیں۔