خیبر پختونخوا چیمبر کا بجلی مہنگی کرنے پر احتجاج کا انتباہ

وزیراعظم پلاننگ کمیشن کی تجویزکونہ مانیں،بجلی کی پیداوارمیں اضافہ کیا جائے

مہنگے ایندھن کی بجلی سے نقصان ہورہا ہے، سستے ذرائع کو کام میں لایا جائے، ملک افتخار اعوان۔ فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ملک افتخار احمد اعوان نے منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں 14 فیصد اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کمیشن بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے کام کرے تاکہ ملک میں جاری بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بدھ کے روز ایک بیان میں ملک افتخار احمد اعوان نے کہا کہ ملک میں آبی ذخائر سے سستی بجلی پیدا کرنے کے بجائے ایندھن اور دیگر مہنگے ذرائع سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس سے نہ صرف قومی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ عوام بالخصوص بزنس کمیونٹی کی مالی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کے باعث پہلے ہی صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں اور صارفین کو اعلانیہ اور غیر اعلانیہ 12 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔




ملک افتخار احمد اعوان نے کہا کہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان کی اس تجویز سے ملکی معیشت کو ایک اور دھچکا لگے گا، منصوبہ بندی کمیشن اپنی توانائیاں سستی بجلی پیدا کرنے پر صرف کرے تاکہ صنعت و تجارت کا شعبہ ترقی کرے اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ ملک افتخار احمد اعوان نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ حالات میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیاگیا تو ملک بھر کی بزنس کمیونٹی بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو سے مطالبہ کیا کہ وہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان کی تجویز کا فوری نوٹس لیں اوربجلی کی قیمتوں میں کسی صورت اضافہ نہ ہونے دیں۔
Load Next Story