خیبر پختونخوا میں عمران خان اور صوبائی حکومت کا الگ الگ قانون چلتا ہے آفتاب شیر پاؤ

کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے واقعات میں پی ٹی آئی کے عہدے دار ملوث ہیں،آفتاب شیر پاؤ

کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے واقعات میں پی ٹی آئی کے عہدیدار ملوث ہیں،آفتاب شیر پاؤ۔ فوٹو: فائل

لاہور:
چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب شیر پاؤ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عمران خان اور صوبائی حکومت کا الگ الگ قانون چلتا ہے۔

چار سدہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات میں مزید وسعت اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں فاٹا کی نمائندگی چاہتے ہیں اس لیے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے میں مزید تاخیر نہ کی جائے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں کو نظرانداز کیا اور ابھی بھی چھوٹے صوبوں کو نظرانداز کر رہی ہے، وفاقی حکومت پالیسیوں کی تشکیل میں چھوٹے صوبوں کو اعتماد میں لے۔


آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تبدیلی عوام کو نظر نہیں آرہی، پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کی مشکلات حل نہیں کیں جب کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی سوشل میڈیا تک محدود ہے، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی حکومت نہیں چلا سکتی تو پاکستان کی کیسے چلائے گی؟ سمجھ سے بالاتر ہے کہ اربوں درخت کہاں پر لگے ہیں نیب کرپشن معاملے کی تحقیقات کرے۔

چیئرمین قومی وطن پارٹی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عمران خان اور صوبائی حکومت کا الگ الگ قانون چلتا ہے، خیبر پختونخوا میں فرانزک لیبارٹری تک نہیں،اسماء کے قاتل کی گرفتاری بھی پنجاب حکومت کے مرہون منت ممکن ہوئی جب کہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے واقعات میں پی ٹی آئی کے عہدے دار ملوث ہیں،افسوس ناک واقعات کے اصل مجرمان ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے اور پی ٹی آئی کا ملزم کونسلر ملک سے فرار ہے۔
Load Next Story