ٹی20رینکنگسری لنکا کی پہلی پوزیشن دائو پر لگ گئی

کل بنگلہ دیش سے شکست پرویسٹ انڈیزکے دوسرے نمبر پر اکتفاکرنا پڑے گا۔

ٹاپ10بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں،بولرز میں سعیداجمل کا دوسرا نمبر۔ فوٹو: فائل

لاہور/KARACHI:
آئی سی سی ٹوئنٹی 20 کرکٹ رینکنگ میں سری لنکا کی پہلی پوزیشن دائو پر لگ گئی، اتوارکو بنگلہ دیش کیخلاف شکست کی صورت میں ویسٹ انڈیز کے دوسرے نمبر پر اکتفا کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق رینکنگ میں سرفہرست آئی لینڈرز کو نویں پوزیشن کے حامل ٹائیگرز پر47پوائنٹس کی واضح برتری حاصل اور اتوار کو پالے کیلی میں شیڈول واحد میچ میں بھی وہ فتح کیلیے فیورٹ ہے، البتہ کوئی اپ سیٹ ہوا تو سری لنکا کے ایکدم سے 5پوائنٹس کم ہو جائیں گے، یوں ایک پوائنٹ کا فرق اسے کیریبیئن سائیڈ کی جگہ دوسرے نمبر پر پہنچا دے گا، جیت کی صورت میں میزبان سائیڈ کو ملنے والا ایک پوائنٹ ویسٹ انڈیز پر برتری کو6 پوائنٹس تک بڑھا سکتا ہے۔

شکست کی صورت میں بنگلہ دیش کے دو پوائنٹس کم اور وہ دسویں نمبر پر موجود آئرلینڈ کے برابر آ جائے گی، البتہ اعشاریائی فرق ایشیائی ٹیم کو ہی آگے رکھے گا۔ اتوار کے میچ میں سری لنکن کرکٹ کے نئے دور کا بھی آغاز ہو گا، وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش چندیمل ٹی ٹوئنٹی میںقائدانہ کیریئر کا آغاز اور فاسٹ بولر لیستھ مالنگا بطور نائب ایکشن میں نظر آئیں گے، البتہ ٹیم کو تجربہ کار سابق کپتانوں مہیلا جے وردنے، کمار سنگاکارا اور تلکارتنے دلشان کی کمی محسوس ہو گی۔




جمعے کو اعلان شدہ رینکنگ کی ٹاپ ٹین ٹیمیں یہ ہیں، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ۔ دوسری جانب پلیئرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم بدستورنمبر ون بیٹسمین بنے ہوئے ہیں،10 بہترین بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، کپتان محمد حفیظ 16 اور عمر اکمل 19 ویں درجے پر ہیں۔

بولرز میں ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن سب سے آگے اور پاکستان کے سعید اجمل دوسری پوزیشن پر ہیں، حفیظ دسویں، شاہدآفریدی11 اور عمر گل 18 ویں نمبر پر براجمان رہے، آل رائونڈرز میں شین واٹسن سب سے آگے اور حفیظ دوسرے درجے پر ہیں، آفریدی کا نمبر چوتھا رہا۔
Load Next Story