میامی ٹینس سرینا ولیمز نے اگنیسکا کے ہوش ٹھکانے لگادیے

ٹرافی کیلیے ماریا شراپووا سے نبردآزما ہوں گی،جیلیناجینکووچ کو مات، مینزکوارٹر فائنلز میں مرے نے کلک کو زیرکرلیا۔

میامی ٹینس:روس کی ماریا شراپووا سربین حریف جلینا جینکووچ کے خلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں، انھوں نے مقابلہ جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔ فوٹو: گیٹی امیجز/اے ایف پی

میامی ماسٹرز ٹینس چیمپئن شپ میں ویمنز ٹرافی کے لیے سرینا ولیمز اور ماریا شراپووا نبردآزما ہوں گی۔

5 مرتبہ کی چیمپئن امریکی اسٹار نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن اگنیسکا ریڈوانسکا کے ہوش ٹھکانے لگا دیے،روسی کھلاڑی نے جیلینا جینکووچ کو پچھاڑ کر لگاتار دوسرے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی، مینزسنگلز کوارٹر فائنلز میں اینڈی مرے نے مارن کلک کو زیر کیا جبکہ رچرڈ گیسکوئٹ نے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کی چھٹی کرتے ہوئے فائنل فور میں رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سرینا ولیمز نے میامی ماسٹرز کے فائنل تک پہنچنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا، امریکی اسٹار نے پولینڈکی دفاعی چیمپئن اگنیسکا ریڈوانسکا کو 6-0،6-3 سے شکست دی، چار مرتبہ میامی میں رنر اپ رہنے والی ماریا نے دوسرے سیمی فائنل میں سربیا کی جیلینا جینکووچ پر مکمل غلبہ پائے رکھا، ان کی جیت کا اسکور6-2،6-1 رہا،31 سالہ سرینا نے12ایسز لگاتے ہوئے فرسٹ سروس میں83 فیصد کامیابی حاصل کی،سرینا کے پاس عہد جدید میں ایک ہی ایونٹ کو6 مرتبہ جیتنے والی چوتھی خاتون پلیئر بننے کا موقع ہے۔

ان سے قبل کرس ایورٹ، اسٹیفی گراف اور مارٹینا نیوراٹلووا یہ منفرد اعزاز حاصل کرچکی ہیں، ان میں سے ایورٹ وہ واحد پلیئر ہیں جنھوں نے30 برس سے زائد کی عمر میں ٹائٹل پایا، وینس کا کہنا ہے کہ میں فائنل تک پہنچنے پر بہت زیادہ پُرجوش ہوں، اگرچہ میرے لیے ایونٹ کا آغاز اچھا نہیں رہالیکن بتدریج کھیل میں نکھار لاتی رہی، اب امید کرتی ہوں کہ ٹرافی جیت پائوں گی، ماریا شراپووا کے بارے میں سرینا نے کہاکہ وہ سردست عمدہ کھیل پیش کررہی ہیں، یقینی طورپر فائنل زبردست ہوگا، ہمارے مقابلے ہمیشہ ہی بڑے دلچسپ رہے ہیں۔




دوسری جانب ماریا اپنا پہلا میامی ٹائٹل جیتنے کے لیے پانچویں مرتبہ فائنل میں پنجہ آزمائی کریں گی، انھوں نے کہاکہ اس تناظر میں یہ میچ میرے لیے بہت اہم ہے، شائقین بھی یہاں مجھے بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، میں بچپن میں امریکا آمد کے بعد سب سے پہلے اسی شہر میں آئی تھی لہذا یہاں ٹائٹل جیت کر بے پناہ خوشی ہوگی،چار مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن ماریا شراپووا کو2005 کے میامی فائنل میں کم کلسٹرز نے ٹھکانے لگایا تھا،2006 میں سویٹلانا کزنٹسووا نے انھیں ٹرافی سے محروم کیا۔

2011 میں وکٹوریا آذرنیکا غالب رہیں جبکہ گذشتہ برس کے فائنل میں ریڈوانسکا نے شکست سے دوچار کیا تھا، تمام فائنلز میں ماریا کو اسٹریٹ سیٹس میں ناکامی کا سامنا رہا، وہ اب کامیابی کی بدولت نہ صرف اپنی گذشتہ ناکامیوں کا ازالہ کرسکتی ہیں بلکہ وہ ایک ہی برس میں دو بڑے ایونٹس انڈین ویلز اور میامی جیتنے والی دنیا کی تیسری خاتون کھلاڑی بھی بن جائیں گی، ان سے قبل اسٹیفی گراف نے1994 اور1996جبکہ کلسٹرز نے2005 میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

دوسری جانب مینز سنگلز میں موجودہ یوایس اور اولمپک چیمپئن اینڈی مرے نے کروشیا کے9 سیڈ مارن کلک کو6-4،6-3 سے مات دے کر سیمی فائنل میں نشست محفوظ بنالی، سیکنڈ سیڈ اسکاٹش پلیئر2009 میں میامی ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے جبکہ گذشتہ برس انھیں جوکووک نے فائنل میں ہرایا تھا، اس مرتبہ فیصلہ کن معرکے میں پہنچنے کیلیے انھیں فرانس کے8 سیڈ رچرڈ گیسکوئٹ کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے حیران کن طور پر جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کو6-3،6-3 سے زیر کیا،گیسکوئٹ کے پاس ریکارڈ بنانے کا موقع ہے، ایونٹ کی28 سالہ تاریخ میں اب تک کوئی بھی فرنچ پلیئر اسے نہیں جیت پایا، دوسرا سیمی فائنل اسپین کے ڈیوڈ فیرر اور ٹامی ہاس کے درمیان ہوگا۔
Load Next Story