بلو ٹرف پی ایچ ایف اور سندھ حکومت میں معاہدہ ہوگیا

5 کروڑ 71 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، گرائونڈ کی تزئین و آرائش بھی ہوگی.

5 کروڑ 71 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، گرائونڈ کی تزئین و آرائش بھی ہوگی۔ فوٹو: فائل

لاہور:
ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں بلوٹرف کی تنصیب کے لیے پی ایچ ایف اور سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے درمیان مفاہمتی یاداشت کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

جس کے مطابق صوبائی حکومت کے تحت 5 کروڑ 71 لاکھ روپے کی لاگت سے بلو ٹرف نصب کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش بھی کی جائے گی،اس ضمن میں منگل کو ایک سادہ تقریب میں پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن آصف باجوہ اورصوبائی سیکریٹری اسپورٹس صدیق میمن کی موجودگی میں اسٹیڈیم کے ایڈمنسٹریٹر اولمپئن افتخار سید اور سندھ حکومت کے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس شاہد السلام نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقعہ پر ہاکی کھلاڑیوں اور عہدیداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، صوبائی سیکریٹری اسپورٹس نے بتایاکہ سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید محمد علی شاہ کی کاوشوں اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان کی خصوصی ہدایات پر سندھ حکومت کے تحت 5کروڑ71 لاکھ روپے مذکورہ منصوبے میں 3کروڑ 66لاکھ روپے بلوٹرف کی تنصیب پر خرچ ہوں گے جبکہ دیگر رقم سے انکلوژرز اور باکس سمیت مختلف تعمیرات ہوں گی،پی سی ون کی منظوری کے بعد 18 ماہ کی مدت میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔




انھوں نے دعویٰ کیا کہ قومی کھیل کو فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت ہر سال ایک ضلعی ہیڈ کوارٹر میں ایک اسٹرو ٹرف نصب کرے گی جبکہ سندھ میں ایسے 4 منصوبوں پر کام جاری ہے،سکھر کے پیپلز ہاکی اسٹیڈیم میںگرین ٹرف کی تنصیب کا کام آخری مراحل میں ہے ،میرپورخاص کے ذوالفقار علی بھٹو اسپورٹس کمپلکس،کراچی کے نارتھ ناظم آباد بلاک H اور لاڑکانہ میں بلو ٹرف لگانے کا کام جاری ہے، اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری نے گورنر سندھ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے ان اقدامات سے نہ صرف ڈومیسٹک ہاکی کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔

بلو ٹرف کی تنصیب پر پی ایچ ایف کی جانب سے اسٹیڈیم میں سندھ کے کھلاڑیوں کو کھیل اور رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ آپریٹنگ اور منیجمنٹ فیڈریشن کے ذمہ داری ہو گی جبکہ پی ایچ ایف سندھ حکومت سے ہونیوالے ایک معاہدے کے تحت صوبے میں 3سو ہاکی کوچز کو تربیت فراہم کر چکی ہے،انھوں نے گلشن اقبال کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں ہاکی اسٹیڈیمز اور گرائونڈز کی تعمیر پر بھی سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story