پاکستانی خواتین بھی دنیا پر دھاک بٹھانے لگیں

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 25 مارچ 2018
سری لنکاکو تیسرے ون ڈے میں 108 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل۔ فوٹو: پی سی بی

سری لنکاکو تیسرے ون ڈے میں 108 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: پاکستانی خواتین بھی دنیا پر دھاک بٹھانے لگیں، گرین شرٹس نے میزبان کوتیسرے میچ میں108رنز سے مات دے کر سیریز3-0 سے اپنے نام کرلی۔ 

دمبولا میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9وکٹ پر 215 رنزبنائے، ناہیدہ خان نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور5چوکوں کی مدد سے 46رنز اسکور کیے، جویریہ خان30، بسمہٰ معروف 26، سدرہ امین21 اور ندا ڈار 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

منیبہ علی19، ثنا میر 16، ایمن انور 10، ڈیانا بیگ 9، سدرہ نواز3 جبکہ نشری سندھو ایک رن ناٹ آؤٹ بنا سکیں،کاڈا کنچانا اور سری وردھنے نے 2،2 پلیئرز کو میدان بدر کیا جبکہ ویرا کوڈے، کماری اور رانا ویرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم صرف 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی،7پلیئرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔

ہینسیکا اور کماری ہامی نے ٹیم کو49 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اسی مجموعے پر4 پلیئرز کے پویلین لوٹنے سے میزبان ٹیم مشکلات میں گھر گئی اوربھرپور کوششوں کے باوجود دوبارہ نہ سنبھل سکی، اوپنر ہنسیکا نے 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کماری 18، ویرا کوڈے15 اور کماری ہامی10 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پریرا 8، کنچانا7، راناویرا4 جبکہ ویرا کوڈے ایک رن بنا سکیں،کپتان جیاگنی اور وینڈورٹ صفر پر پویلین لوٹیں، ثنا میر سب سے کامیاب بولر رہیں، انھوں نے 27 رنز دے کر 4 پلیئرز کا شکار کیا، نشری سندھو 3، ندا ڈار 2 اور  بسمہٰ معروف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔