پاکستان کو بھی ملی مسلم لیگ کی بحیثیت سیاسی جماعت پر تحفظات ہیں اعزازچوہدری

امریکا سے پہلے ہی جماعت الدعوۃ اور لشکرِ طیبہ کو پاکستان میں کالعدم قرار دیا جاچکا ہے، اعزازچوہدری

ملی مسلم لیگ انتخابات میں شرکت کے لئے الیکشن کمیشن میں اندراج کے لئے کوشاں ہے، پاکستانی سفیر ۔ فوٹو: فائل

امریکا میں پاکستانی سفیر اعزازچوہدری کا کہنا ہے کہ جماعت الدعوۃ اور لشکرِطیبہ کالعدم تنظیمیں قرار دی جاچکی ہیں جب کہ ملی مسلم لیگ کی بحیثیت سیاسی جماعت اندراج پر خود پاکستانی حکومت کو بھی تحفظات ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والے حالیہ عدالتی فیصلوں پر کوئی بیان یا رائے نہیں دے سکتا تاہم کسی بھی جمہوری حکومت میں قانون کی حکمرانی اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان میں عدالتیں بے مثال کردار ادا کررہی ہیں اور عدالتوں کے احکامات کو تمام اداروں اورشخصیات پر فوقیت حاصل ہے۔


پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ اور لشکرِ طیبہ کو ملک میں پہلے ہی کالعدم قرار دیا جاچکا ہے، اب ملی مسلم لیگ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت اندراج کے لئے کوشاں ہے، گزشتہ دنوں امریکی انتظامیہ کی جانب سے کالعدم جماعت الدعوۃ سے تعلق کے الزام میں ملی مسلم لیگ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا لیکن پاکستانی حکومت کو پہلے ہی ملی مسلم لیگ کے بحیثیت سیاسی جماعت اندراج پر تحفظات ہیں اور حوالے سے حکومت کی جانب سے واضح بیانات موجود ہیں۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ امریکا نے جنوبی ایشیا کے حوالے سے اپنی نئی حکمتِ عملی کا اعلان کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ بھارت کا افغانستان میں ایک وسیع کردار ہوگا، پاکستان کو اس بیان پر تحفظات ہیں، ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ یہ بیان کس ضمن میں دیا گیا اور بھارت کا افغان سرزمین پر کیا کردار ہوگا، ماضی کے تجربات سے سیکھ چکا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ ہی ہمسایہ ممالک کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی اور اپنے جاسوس و تخریب کار بھیج کر پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جس کی واضح مثال کلبھوشن یادو ہے جسے ایران کے راستے پاکستان میں بھیجا گیا تھا۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت اگر افغانستان میں معیشت و ترقی کے حوالے سے کام کرنا چاہتا ہے تو پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں لیکن اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی کہ بھارت افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کی کوشش کرے یا اپنے جارحانہ عزائم کو تقویت پہنچائے۔
Load Next Story