مسلم لیگ ن پہلی مرتبہ کسی آمر کے خلاف بات کررہی ہے مولابخش چانڈیو
متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی سے بات کرنا کوئی جرم نہیں ہے، مولا بخش چانڈیو۔ فوٹو: فائل
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے متوالے پہلی مرتبہ کسی آمر کے خلاف بات کررہے ہیں جب کہ 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی اور اس کے دوست ہی کامیاب ہوں گے۔
حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو ان کے کئے گئے اقدامات کی سزا ملنی چاہئے۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر بھی انہیں اسی طرح مکا لہرانا چاہیے تھا جس طرح وہ پہلے مکے لہرایا کرتے تھے۔ پرویز مشرف کو دیئے جانے والے گارڈ آف آنرز کو اچھالاجاتا ہے لیکن یہ کسی کو یاد نہیں کہ ان کے خلاف تحریک بھی پیپلزپارٹی نے ہی چلائی تھی، مسلم لیگ (ن) کے متوالے پہلی مرتبہ کسی آمر کے خلاف بات کررہے ہیں لیکن وہ یہ کیوں بھول جاتے ہیں جب بیگم نواز شریف کو پوری رات تھانے رکھا گیا تو ایک متوالا بھی سامنے نہیں آیا تھا۔
سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی سے بات کرنا کوئی جرم نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے اور تمام سیاسی جماعتیں اس میں حصہ لیں گی۔ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی اور اس کے دوست ہی کامیاب ہوں گے۔