پیپلز پارٹی عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتی ہے اویس مظفر

کسی پر ظلم نہیں ہونے دینگے،ا جتماعات سے خطاب، پی ایس 88 کے امیدوارکا گھوڑا باری میں والہانہ استقبال.

عوام کی پی پی میں شمولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، کئی برادریوں کے سربراہوں کی ملاقات، بھرپور تعاون کی یقین دہانی۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی حلقہ 88 کے امیدوار اویس مظفر نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کو فرض سمجھتا ہوں، عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور بے نظیر بھٹو شہید کا انتخابی نشان تیر بھی عوام کے دلوں میں رہتا ہے۔

یہ بات انھوں نے گھوڑا باڑی میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اویس مظفر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ جب گھوڑا باڑی پہنچے تو ہزاروں افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا ، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور سندھی روایت کے مطابق اجرک اور ٹوپی کے تحا ئف پیش کیے ۔

اس موقع پر چانڈیا ، رند بلوچ ، گبول ، خاصخیلی ، بروہی اور دیگر برادریوں کے سربراہوں نے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔ گھوڑا باڑی پہنچے پر مرد و خواتین کی بڑی تعداد بھی ان کے استقبال کے لیے پہنچ گئی اور جیے بھٹو ، جیے بے نظیر بھٹو ، جیے اویس مظفر ، زندہ ہے بھٹو زندہ ہے ، جیت کا نشان تیر کا نشان کے نعرے لگائے ۔


اس موقع پر خشک برادری کے سربراہ ابراہیم خشک نے کہا کہ پی پی شہیدوں کی پارٹی ہے ۔ کافی عرصے سے پیپلز پارٹی نے اس جانب توجہ نہیں دی اس لیے ٹھٹھہ کے عوام خوف میں مبتلا رہے اور شیرازی برادری کی مجبوری میں مدد کرتے رہے لیکن اب پیپلز پارٹی نے ضلع ٹھٹھہ کو جس طرح توجہ کا مرکز بنایا ہے اس سے یہاں عوام میں خوشحالی کی امیدیں پیدا ہوگئی ہیں اس لیے کئی دھائیوں سے شیرازی گروپ میں رہنے کے باوجود انہیں چھوڑ کر پوری برادری سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ۔



انھوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک کا سب سے بڑا پاور پلانٹ لگانے کے لیے ٹھٹھہ کے مقام کیٹی بندر کا انتخاب کیا لیکن بد قسمتی سے نوازشریف نے ٹھٹھہ کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیردیا اور ملکی تاریخ کا بجلی پیدا کرنے کاسب سے بڑا منصوبہ بند کردیا لیکن اب ایک بار پھر پیپلز پارٹی نے ٹھٹھہ کو اہمیت دینا شروع کی ہے اس لیے ہم پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیں گے اوراس کے انتخابی نشان تیر کو ووٹ دے کر ٹھٹھہ سے شیرازی برادری کا ہمیشہ کیلیے صفایا کردیں گے ۔

مختلف اجتماعات سے خطاب کے دوران اویس مظفر نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام کی داد رسی کیلیے ہر وقت موجود ہوں، اب کسی کے ساتھ ظلم و جبر نہیں ہونے دیا جائیگا ۔ مخالفین پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ،انشاء اللہ ٹھٹھہ کی طرح پورے ملک میں پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
Load Next Story