125 سال پرانی جینز کی دو پتلونیں 1 لاکھ ڈالر میں نیلام

اہل خانہ نے اپنے مرحوم کی یاد میں ان جینز کو سائنسی طور پر محفوظ کرایا تھا

یہ جینز 1893ء میں ایک اسٹور کے مالک نے خریدی تھیں۔ فوٹو : گلف نیوز

امریکا میں 125 سال پرانی جینز کی دو پتلونیں 1 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئیں ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 125 سال پُرانی جینز کی دو پتلونیں نیلام کے لیے رکھی گئی تھیں۔ لیوائس کمپنی کی پتلونوں کے دلدادہ شخص نے یہ دونوں پتلونیں ایک لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک کروڑ 15 لاکھ اور 60 ہزار میں خرید لیں جو اب تک جینز کی پتلونوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی سب سے بڑی رقم ہے۔


نیلام شدہ جینز کی پتلونوں کے پہلے مالک ایری زونا کے ایک اسٹور کے مالک سولومون تھے اور 1893ء میں یہ پتلونیں ان کے زیر استعمال رہیں تاہم وہ ایک آدھ بار ہی اسے پہن سکے اور انتقال کرگئے۔ جس کے بعد نسل در نسل اہل خانہ نے اپنے پرکھوں کی اس یادگار کو نہایت سنبھال کر رکھا جس کے بعد لیوائس کمپنی نے ان پتلونوں کے عوض 50 ہزار امریکی ڈالر کی پیشکش بھی کی۔

ماضی میں جینز کی پتلونیں ہیمپائر سے لائے گئے کپڑے سے سان فرانسسکو میں تیار ہوتی تھیں تاہم اس کے بعد جینز کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہو گئی اور مشرق و مغرب میں یہ عام لباس بن گیا مغربی دنیا میں تو یہ پورے گھرانے کا پسندیدہ لباس بن چکا ہے جسے گھر کا ہر فرد زیب تن کرتا ہے۔
Load Next Story