الیکشن کمیشن کا امیدواروں کی اسکروٹنی نیب اورایف آئی اے سے کرانے کا اعلان

نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کے لیے 4 ٹیموں پر مشتمل 36 رکنی سینٹرل اسکروٹنی سیل تشکیل دے دیا ہے، الیکشن کمیشن

اسکروٹنی سیل امیدواروں کی آرٹیکل 62،63 کے مطابق جانچ پڑتال کو یقینی بنانے میں مدد دے گا، الیکشن کمیشن (فوٹو : فائل)

لاہور:
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اسکروٹنی ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک سے کرائی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عام انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور امیدوار کل سے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے بھی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اس حوالےسے 4 ٹیموں پر مشتمل 36 رکنی سینٹرل اسکروٹنی سیل تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے انچارج سیکریٹری الیکشن کمیشن ہوں گے۔


الیکشن کمیشن کے مطابق اسکروٹنی سیل باضابطہ طور پر کل سے کام شروع کر دے گا، اسکروٹنی سیل 2 شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرے گا اور ریٹرننگ افسران و متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل تعاون رہے گا۔

اسکروٹنی سیل امیدواروں کی آرٹیکل 62،63 کے مطابق جانچ پڑتال کو یقینی بنانے میں مدد دے گا، جب کہ نادرا، ایف آئی اے، نیب، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سے بھی رابطے کرے گا، اسکروٹنی سیل امیدواروں کی دوہری شہریت، قرضے، ڈیفالٹر، انکم ٹیکس کی معلومات اکٹھی کرے گا۔
Load Next Story