فلسطینیوں کی میسی سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ کے بائیکاٹ کی اپیل

فلسطین فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین کا ارجنٹائن کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں میچ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ

ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ میچ 9 جون کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو : فائل

فلسطینی بچوں نے ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی سے اسرائیل کیخلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے جب کے فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین نے بھی اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ منسوخ کرنے کے لیے ارجنٹائن سے درخواست کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں فٹبال ورلڈ کپ کے اس ماہ شروع ہونے سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان 9 جون کو دوستانہ میچ کھیلا جائے گا تاہم اس خبر نے فلسطینیوں کو اداس کر دیا ہے جس کا اظہار فلسطینی بچوں کے ایک گروپ نے ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کو ایک خط لکھ کر کیا ہے۔ خط کو اسرائیل میں واقع ارجنٹائن کے سفارت خانے کے حوالے کردیا گیا ہے۔


فلسطینی بچوں نے اپنے خط میں فٹبال اسٹار لیونل میسی سے اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے ہمارے گھر گرا کر فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مظالم سے ہمارے گھر کا کوئی فرد محفوظ نہیں ہے اس لیے لیونل میسی کو اسرائیل کے خلاف میچ کھیلنے سے منع کردینا چاہیے۔

دوسری جانب فلسطینی فٹبال بورڈ کے چیئرمین جبرائیل رجب نے ارجنٹائن کی ٹیم سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ میچ منسوخ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لیونل میسی نے اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت کی تو فلسطینی مداح اور شائقین میسی کی تصاویر والی ٹی شرٹ کو آگ لگا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور میسی کو بھی نسل پرستانہ سوچ رکھنے والے ملک کا ساتھ دے کر اپنے شفاف کیریر کو داغدار نہیں کرنا چاہیے۔
Load Next Story