بنگلا دیش میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے 14 روہنگیا پناہ گزین جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 13 جون 2018
لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں 2 لاکھ روہنگیا پناہ گزین موجود ہیں۔ فوٹو : فائل

لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے میں 2 لاکھ روہنگیا پناہ گزین موجود ہیں۔ فوٹو : فائل

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں مسلسل بارشوں کے باعث روہنگیا پناہ گزین کیمپوں کے قریب ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں 14 افراد  جاں بحق ہوگئے۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق ایک روز قبل نانیار چار کے پہاڑی علاقے پر موسلا دھار بارش کے نتیجے میں مٹی کا تودہ مہاجرین کے کیمپ کے نزدیک آن گرا تھا جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد اب 14 تک پہنچ گئی ہے جب کہ تاحال 25 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ادارے کے منتظم کے مطابق روہنگیا کیمپ کے علاوہ بنگلہ دیش کے دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش اور طوفان باد و باراں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پورے ملک میں مختلف حادثات میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں پہاڑی علاقے میں مٹی کا تودہ گرنے سے ہوئیں۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے بنگلا دیش میں ہونے والے بارشوں سے دنیا کے سب سے بڑی مہاجرین کی بستی میں متوقع تباہی سے خبردار کرتے ہوئے پناہ گزین کیمپوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس وقت متاثرہ علاقے میں قائم پناہ گزین کیمپ میں 2 لاکھ روہنگیا افراد مقیم ہیں جن میں سے 29 ہزار مہاجرین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔