فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر مداح نے اپنا تصویری کارڈ بورڈ بھجوا دیا

میکسیکو کے ایک فٹبال مداح کو بیوی نے روس جانے سے منع کیا تو اس نے لائف سائز کارڈ بورڈ خاکہ پہنچا دیا

میکسیکو کے ایک فٹبال مداح نے بیوی کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر اپنی قد آدم تصویر فیفا ورلڈ کپ میں بھجوادی (فوٹو: بشکریہ فیس بک)

میکسیکو میں فٹ بال کے مداح کو اس کی بیوی نے روس میں عالمی فٹ بال کپ میں شرکت سے روکا تو اس نے اپنے دوستوں کے ہاتھ اپنی قدِ آدم کارڈ بورڈ تصویر بھجوادی جو روس میں اس کی نمائندگی کررہی ہے۔



لاطینی امریکا کے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والی یہ تصویر میکسیکو کے رہائشی حاویئر کی ہے جو فٹ بال کا بہت بڑا مداح ہے۔ حاویئر اور اس کے چار دوستوں نے کئی برس سے رقم بچا رکھی تھی تاکہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت کرسکیں لیکن عین وقت پر حاویئر کی بیگم نے اسے شرکت کی اجازت نہیں دی اور یہ پروگرام خراب ہوگیا۔


اب اس کے چاروں دوستوں نے حاویئر کی قدِ آدم تصویر کو ایک بڑے کارڈ بورڈ پر چپکایا ہے اور اسے روس لے گئے ہیں۔ تصویر میں حاویئر کی شرٹ پر لکھا ہے ' مجھے بیوی نے فیفا کپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی'۔



حاویئر کے چاروں دوستوں نے اس سفر کے لیے فیس بک پیچ بنایا ہے جہاں وہ اپنے دوست کی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں اور اسے یہ احساس دلارہے ہیں کہ وہ بھی اس سفر میں ان کے ساتھ ہے۔ روس میں فٹبال کے شائقین بھی حاویئر کے ساتھ تصاویر بنوارہے ہیں۔
Load Next Story