عمران خان دوسرا جنم بھی لے لیں توبھی حکومت نہیں بنا سکتے کیپٹنرصفدر

ہمارے جیل جانے سے عمران خان کو فائدہ نہیں نقصان ہو گا،کیپٹن صفدر

عمران خان عدالتوں کو ہدایات جاری نہ کریں، رہنما مسلم لیگ (ن) - فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان اگر دوسری بار بھی پیدا ہوں تو وہ حکومت نہیں بناسکتے جب کہ ہمارے جیل جانے سے انہیں نقصان ہی ہوگا فائدہ نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملک کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، ہمیں عدالتوں سے سزا ہو یا جزا، ہم اس کا سامنا کریں گے مگرعمران خان عدالتوں کو ہدایات جاری نہ کریں، ہمارے جیل جانے سے عمران خان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا بلکہ الٹا نقصان ہی ہوگا اور وہ اگر دوسرا جنم بھی لے کر آ جائیں تو بھی حکومت نہیں بناسکتے۔


کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ مائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں اس وقت ہماری والدہ کو قوم کی دعاوٴں کی ضرورت ہے، زندگی میں آزمائش بھی آتی ہے لیکن اللہ پاک حوصلہ بھی دیتا ہے، اس وقت نوازشریف سمیت پورا خاندان پریشانی میں ہے لیکن پھربھی وطن واپس آئیں گے، پرویز مشرف نے بھی نوازشریف کو جلا وطن کیا تھا لیکن وہ اپنے ملک واپس آئے۔

 
Load Next Story