دہشت گردوں نے کراچی میں مزید 14 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا

لیاری میںفائرنگ سے2افرادہلاک،ایک زخمی،پاک کالونی اورشیرشاہ سے2دوستوںکی لاشیں ملیں،سرجانی میں سنی تحریک کاعہدیدارقتل

پختون آبادمیں 2،اورنگی، کھارادر،میمن گوٹھ،گلستان جوہر،عزیزآباد،شیرشاہ،قصبہ میں بھی7ہلاکتیں، دیگر واقعات میں 5افرادزخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میںمزید14افرادہلاک جبکہ 5زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے مرزاآدم خان روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد 45 سالہ محمدگڈو قریشی اور 50 سالہ نیازہلاک جبکہ 45 سالہ محمدتسلیم ،35 سالہ محمد سلیم اور9 سالہ رقیہ زخمی ہوگئی ہلاک و زخمیوں کوسول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ نورانی مسجدروڈ گلی نمبر2میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے گلی میں کھڑے افرادپرفائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،واقعے سے چند لمحے قبل ہی ایک سیاسی جماعت کاعلاقائی عہدیدارموقع سے روانہ ہوگیا تھاکہ لیاری گینگ وار کے 4 ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے اورفائرنگ کردی ۔

مقتول نیاز کا تعلق کالعدم پیپلزامن کمیٹی سے ہے اور وہ علاقے کا ہی رہائشی ہے۔پاک کالونی کے علاقے جہان آباد چوک پرمیوا شاہ قبرستان کے قریب 20 سالہ نوجوان زاہد عرف بھولاکی لاش ملی جسے ملزمان نے فائرنگ کے بعد ہلاک کرکے لاش وہاں پھینک دی۔اسی واقعے کے چندلمحوں بعد ہی شیرشاہ کے علاقے میراں ناکہ پل سے بھی 25 سالہ نوجوان عظیم کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا،دونوں دوست تھے اورنیوکراچی سندھی ہوٹل کے رہائشی تھے،مقتول عظیم کے والد فتح محمد نے بتایا کہ عظیم پیر کی دوپہر 12 بجے گھر سے کسی کام سے نکلا تھاجس کے بعد اس کا کچھ پتہ نہیں چلا،عظیم آج کل بے روزگار تھا،اس کی 3 برس قبل شادی ہوئی تھی اوروہ ڈیڑھ سالہ بیٹی کاباپ تھا،مقتول کی 2 بہنوں کی شادیاں ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھیں۔

سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر 5-B میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سنی تحریک کا علاقائی عہدیدار 35 سالہ فراز قادری ہلاک جبکہ قمر قادری زخمی ہوگیا،پولیس کے مطابق دونوں مکان نمبر L-50 سیکٹر 5-B کے باہر بیٹھے ہوئے تھے کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔منگھوپیر کے علاقے پختون آبادمیں خواجہ اجمیر نگری کی جانب جانے والی سڑک پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔پیر کی شب پختون آباد میں اسنوکر کلب پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا 32 سالہ محمد جاوید خان محسود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،مقتول علاقے کا ہی رہائشی تھا۔




اورنگی ٹائون کے علاقے پاکستان بازارمیں مکان نمبر 171 سیکٹر 15-D میں فائرنگ سے پراسرارطور پر 25 سالہ سید راشد ہلاک ہوگیا،اہل خانہ نے متضاد بیانات دے رہے ہیں ، مقتول سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوا ، اہل خانہ کہتے ہیں کہ راشد اپنی پستول صاف کررہا تھا کہ اچانک گولی چلنے سے ہلاک ہوگیا۔کھارادرکے علاقے پان منڈی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 35 سالہ عبدالقادرہلاک ہوگیا،مقتول نگار سینما کے قریب واقع مکھن جی بلڈنگ کا رہائشی تھا۔میمن گوٹھ کے علاقے بچو فارم ہائوس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ غلام محمد ہلاک ہوگیا ،مقتول کچھی ہے اورلیاری کے علاقے کلری کارہائشی تھا،فوری طورپرقتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

گلستان جوہرکے علاقے سے ایک شخص کی لاش ملی جوپراسرارطور پر ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت 28 سالہ شکیل احمد کے نام سے ہوئی ،شبہ ہے کہ کسی نے اسے زہر دے کر ہلاک کیاجبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی تھے۔عزیزآبادکے علاقے حسین آبادمیں مکان نمبر 1438/2 سے 60 سالہ کلثوم بائی کی لاش ملی جوکہ پراسرار طورپرہلاک ہوگئی ،کلثوم بائی کو منہ پر تکیہ رکھ کر ہلاک کیا گیا۔مقتولہ گھر میں اکیلی رہتی تھی جبکہ اس کے شوہر کا انتقال ہوچکا اور بچے بیرون ملک مقیم ہیں۔

قصبہ کالونی میں سیکٹر اے میں گھر کے اندرسے 12 سالہ عثمان کی لاش ملی،بچہ خسرہ کی بیماری میں مبتلاتھاتاہم واقعہ پر اسرار ہے، بچے کے والد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔لانڈھی 6 نمبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ برکت علی اور لاسی گوٹھ میں 6 سالہ شیر عالم زخمی ہوگئے۔شیر شاہ کے علاقے گلبائی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے40سالہ سلیم اعوان ولد نور اعوان ہلاک ہو گیا، مقتول نیو کراچی کا رہائشی تھا۔

Recommended Stories

Load Next Story