نائٹ ٹیسٹ ؛ انجرڈ پریرا نے سری لنکا کوتاریخی فتح دلا دی

اے ایف پی  جمعرات 28 جون 2018
تکلیف کے باوجود28 رنز پر ناقابل شکست رہے،سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی
،فوٹو:فائل

تکلیف کے باوجود28 رنز پر ناقابل شکست رہے،سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ،فوٹو:فائل

برج ٹاؤن:  انجرڈ کوشل پریرا نے سینے میں سخت تکلیف کے باوجود سری لنکا کو ویسٹ انڈیز پر 4 وکٹ کی تاریخی فتح دلادی3 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

نائٹ میچ میں چوتھے روز کے کھیل کے آغاز پر 144 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والے آئی لینڈرز کو فتح کے لیے مزید 63 رنز درکار جبکہ 5 وکٹیں باقی تھیں، سری لنکن ٹیم نے مزید ایک وکٹ گنوا کر نہ صرف ہدف حاصل کرلیا بلکہ کیربیئن کرکٹ کے سب سے اہم وینیو کینسنگٹن اوول میں کامیابی حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بھی بن گئی۔

ٹیم کو فتح دلانے میں دلروان پریرا نے بھی کوشل کا بھرپور ساتھ دیا۔ چوتھے روز گرنے والی واحد وکٹ کوشل مینڈس کی تھی جنھوں نے 25 رنز بنائے،وہ ہولڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

کوشل پریرا ایک روز قبل فیلڈنگ کے دوران لانگ آن بائونڈری پر کیچ تھامنے کی کوشش میں اشتہاری بورڈ سے اس زور سے ٹکرائے تھے کہ انھیں فوری طور پر ایمبولینس پر اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا، وہ ٹیم کیلیے تکلیف کے باوجود میدان میں اترے اور 28 رنز پر ناقابل شکست رہے، دلروان نے بھی ناٹ آئوٹ 23 رنز بنائے۔ جیسن ہولڈر نے 5 وکٹیں لیں۔ دلروان کو دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیا گیا تھا، انھوں نے ہی ہولڈر کو مڈ آف پر بائونڈری جڑ کر ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کیا۔ یہ سری لنکا کی کیریبیئن جزائر پر دوسری ٹیسٹ کامیابی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔