انسپکٹر کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار نہ کیے جاسکے

ورثا کا کہنا ہے کہ تاحال تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے جبکہ کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

اورنگی ٹائون تھانے کے سامنے مسجد میںجانیوالے فضل محمود کوملزمان نے گولیاں ماریں۔ فوٹو فائل

اورنگی ٹائون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے انسپکٹر کے قتل میں ملوث ملزمان تاحال گرفتار نہ کیے جاسکے ، واقعے کو 20 روز گزرگئے ، انسپکٹر کی آنکھیں بند ہونے کے بعد محکمہ پولیس نے بھی اپنے ہی افسر کے اہل خانہ سے آنکھیں پھیرلیں۔


تفصیلات کے مطابق 23 جولائی کی شب اورنگی ٹائون تھانے کے سامنے واقع مسجد میں نماز عشا کی ادائیگی کے لیے جانے والے انسپکٹر فضل محمود کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا ، مقتول کا وقوعہ کے روز ہی ایس ایس پی ویسٹ سے منگھوپیر تبادلہ ہوا تھا ، تبادلے کے باعث محکمہ پولیس نے بھی آنکھیں پھیرلیں اور مقتول کے ورثا دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں ، ورثا کا کہنا ہے کہ تاحال تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے جبکہ کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وقوعہ کے روز ہی تبادلے کے باعث ضلع غربی کے افسران بھی سرد مہری کا مظاہرہ کررہے ہیں ، ورثا کا کہنا تھا کہ واقعے کو 20 روز گزرگئے ہیں لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے، ورثا نے آئی جی سندھ فیاض لغاری سے اپیل کی ہے کہ وہ انسپکٹر فضل محمود کے قتل کا نوٹس لیں اور اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دیں تاکہ واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے ۔
Load Next Story