ورلڈ کپ کیلیے ابھی سے ٹیم تیار کی جائے،عبدالقادر

اسپورٹس ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
عبدالقادر پانچ ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں فوٹو: فائل

عبدالقادر پانچ ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں فوٹو: فائل

 کراچی:  سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کو تیار کرے، وہ خود بھی ماضی میں چیف سلیکٹر رہے ہیں، سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے وقت کے مایہ ناز اسپنر نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلیے ٹیم تیارکرنے کا وقت شروع ہوچکا ہے۔

زمبابوے میں منعقدہ سہ ملکی ٹوئنٹی 20 سیریز کے حوالے سے عبدالقادر نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا کے درمیان منعقدہ اس سیریز سے گرین شرٹس کو فائدہ نہیں پہنچا، زمبابوے لو رینک ٹیم ہے جبکہ آسٹریلیا نے ان مقابلوں میں اپنے نوجوان پلیئرز کو آزمایا، اس میں دیگر دونوں ٹیمیں پاکستان کے مقابلے میں کم تجربہ کار تھیں، عبدالقادر1977 سے 1993 تک پاکستان کیلیے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

عبدالقادر نے مزید کہا کہ پاکستان کو آنے والے دنوں میں مضبوط حریفوں سے کھیلنا چاہیے تاکہ ان کی صلاحیتوں میں بہتری آئی۔ یہ چیز انھیں آئندہ ورلڈ کپ میں فائدہ پہنچائے گی، کمتر ٹیموں کے خلاف کامیابی سمیٹنے پر پی سی بی ستائش تو حاصل کرسکتا ہے لیکن اس سے پلیئرز کو پرفارمنس میں بہتری لانے میں کچھ خاص مدد نہیں ملے گی، انھوں نے تجویز دی کہ پی سی بی کو چاہیے کہ وہ لازمی طور پر ’ اے ‘ ٹیم تیار کرے، جو نیشنل ٹیم کی جگہ ہمہ وقت تیار رہے، اگر کسی نیشنل ٹیم میں ہمارا کوئی پلیئر انجرڈ ہو تو ہمارے پاس فوری طور پر اے ٹیم میں اس کا متبادل موجود ہونا چاہیے، اس کے علاوہ پی سی بی کو ملک بھر سے باصلاحیت کرکٹرز کو تلاش کرکے انھیں مستقبل کیلیے تیار کرنا چاہیے،

یاد رہے کہ عبدالقادر 1987 سے 1989 تک پانچ ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت بھی سنبھال چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔