گلوبل ٹوئنٹی 20 کوالیفائرز ثنا میر ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار

تربیتی کیمپ3سے23جون تک لاہورکنٹری کلب مریدکے میں لگانے کا فیصلہ

بسمہٰ معروف نائب ہوں گی،ایونٹ جولائی میں شیڈول،آئرلینڈ میزبان،تربیتی کیمپ3سے23جون تک لاہورکنٹری کلب مریدکے میں لگانے کا فیصلہ۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

آئی سی سی گلوبل ٹوئنٹی 20 کوالیفائرز کیلیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیاگیا۔

ثنا میر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے، بسمہٰ معروف نائب ہوں گی،ایونٹ جولائی میں آئر لینڈ میں شروع ہوگا،اس سے قبل گرین شرٹس کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کیخلاف سیریز میں پریکٹس کا بھرپور موقع ملے گا، منتخب اسکواڈکا تربیتی کیمپ 3 سے23جون تک لاہورکنٹری کلب مریدکے میں لگے گا۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی ویمنز کرکٹ ٹیم ایک بار پھر تازہ دم ہوکر نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے،گرین شرٹس کیلیے اگلا سب سے اہم معرکہ23 سے31 جولائی تک آئرلینڈ میں شیڈول آئی سی سی گلوبل ٹوئنٹی20کوالیفائرز ٹورنامنٹ ہے۔




اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو24جون سے10جولائی تک انگلینڈ میں میزبان ٹیم سے2ون ڈے اور اتنے ہی ٹوئنٹی20، بعد ازاں آئرلینڈ سے واحد ایک روزہ میچ اور2مختصر طرز کے مقابلوں میں نبرد آزما ہونا ہے، سیریز مکمل ہوتے ہی گرین شرٹس کو آئر لینڈ آمد کے بعد11سے20 جولائی تک میزبان کیخلاف2 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی20میچ کھیل کر پریکٹس اور کنڈیشنز سے مطابقت کا بہترین موقع ملے گا،کوالیفائرز ایونٹ کا آغاز آئر لینڈ سے سیریز ختم ہونے کے2روز بعد ہوگا، پی سی بی نے دورئہ انگلینڈ و آئرلینڈ کیلیے پلیئرزکاگذشتہ روز اعلان کردیا۔

ثنا میر بدستور کپتان اور بسمہٰ معروف نائب ہوں گی، 14رکنی اسکواڈ میں جگہ بنانے والی دیگر کرکٹرز میں نین فاطمہ عابدی، ندا راشد، جویریہ ودود، رابعہ شاہ، اسماویہ اقبال، سمیعہ صدیقی، سعدیہ یوسف، ناہیدہ بی بی، سیدہ بتول فاطمہ نقوی، قنیطہ جلیل، ارم جاوید اور جویریہ رؤف شامل ہیں، ڈیانا بیگ، نائلہ نذیر، سدرہ امین اور مرینہ اقبال کو ریزرو میں رکھا گیا ہے، محتشم رشیدکوچ، باسط علی بیٹنگ کوچ، ثنا رزاق اسسٹنٹ کوچ اور ابرار احمد ٹرینرکی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، عائشہ اشعر بطور منیجر اسکواڈ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ تربیتی کیمپ 3 سے 23جون تک لاہور کنٹری کلب مریدکے میں لگایا جائے گا جس میں منتخب 14رکنی اسکواڈ کے ساتھ ریزرو پلیئرز بھی شریک ہوں گی۔
Load Next Story