نرگس فخری ’’شوقین‘‘ کے ریمیک میں اکشے کی ہیروئن بنیں گی

1981کی کامیڈی فلم کے ریمیک کی تیاریاں مکمل،اداکارہ رتی اگنی ہوتری کا کردار نبھائیں گی...

رومانوی ، کامیڈی فلم کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے، ماضی میں رہ جانیوالی تکنیکی خامیاں بھی دور کی جائیں گی ،33سالہ اداکارہ و ماڈل کی خصوصی گفتگو ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری فلم ''شوقین ''کے ریمیک میں بالی وڈاسٹار اکشے کمار کی ہیروئن بنیں گی ۔

رواں سال کے آخر تک مکمل ہونے والی اس فلم کو 2014کے آغاز میں سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا ۔1981کی کامیڈی فلم کے ریمیک کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس فلم کو جدید انداز میں فلمایا جائے گا۔نرگس فخری اس میں رتی اگنی ہوتری کی جگہ لیں گی ۔اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ ''شوقین''کے ریمیک کے لیے تیاری کرلی ہے ۔یہ فلم سینماگھروں کی زینت بنے گی تو پھر دھوم مچے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم کی کہانی بہت پسند آئی ہے ۔آئندہ برس کے اس پراجیکٹ کو یادگار بنانے کے لیے منصوبہ بندی کررکھی ہے ۔

ماضی کے معروف اداکاروں اے کے ہینگل اور اشوک کمار کی کی جگہ اب اس فلم کے ریمیک کے لیے پریش راول ،انوپم کھیر اور انوکپور کو کاسٹ کیا گیا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی دلچسپ ہے اس فلم میں آئٹم سانگ بھی شامل کیا جائے گا ۔فلم کے سارے گیتوں پر یادگار پرفارمنس دینے کا عزم لے کر سیٹ پر جارہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ رومانوی ، کامیڈی فلم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیم کے ساتھ مکمل ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ ماضی کی فلم میں جو تکنیکی خامیاں رہ گئی تھیں انھیں بھی ختم کرکے پرفیکٹ کام ہوگا ۔

فلم کو شاہکار بنانے کی خاطر میگا ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے ۔جس کے لیے لیڈنگ لیڈی رول کے لیے مجھے منخب کرنے سے میری بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ جدید دور کی یہ اچھی فلم ثابت ہوسکے گی ۔اس فلم کی پوری ٹیم کو کام کرنے کا بھرپور تجربہ ہے ۔اکشے کمار کی پرفارمنس نے مجھے ہی نہیں شائقین کی ایک کثیر تعداد کو گرویدہ بنارکھا ہے ۔ان کی بڑی مداح ہوں ۔ان کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگتا ہے۔ اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ اپنی آنیوالی فلموں میں اس فلم کے ریمیک کو منفرد مقام ملے گا ۔




اس فلم کے لیے اپنی یادگار پرفارمنس سے شائقین کے دل جیتنے کی بھی کوشش کروں گی ۔انھوں نے کہا کہ ''شوقین ''کے ری میک میں اکشے کمار متھن چکرورتی کا کردار نبھائیں گے ۔اکشے کمار سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی عمدہ پرفارمنس سے اس فلم کو ماضی کی فلم سے بھی زیادہ بہتر اور معیاری بنادیں ۔انھوں نے کہا کہ اپنی ہر فلم کو بہترین پرفارمنس سے یادگار بنانے کے لیے کوشاں ہوں ۔واضح رہے کہ اداکارہ نرگس فخری 20اکتوبر 1979کو نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیدا ہوئیں ۔33سالہ اداکارہ و ماڈل نرگس فخری کی والدہ چیکو سلوواکیہ کی رہنے والی تھیں جب کہ والد کا تعلق پاکستان سے تھا ۔اداکارہ ابھی چھ برس کی عمر میں ہی پہنچیں تو دونوں میں طلاق ہوگئی ۔

اداکارہ سے جب سوال کیا گیا کہ ان کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے تو انھوں نے بتایا کہ بے شک والد کا تعلق پاکستان سے ہے مگر میں کبھی پاکستان نہیں گئی ہوں۔انھوں نے بتایا کہ کھانا پکانے کا بھی شوق ہے اور باقاعدگی سے یوگا کرتی ہوں ۔فخری امریکی شہریت رکھتی ہیں۔ کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور 2004سے 2009کے دوران امریکی کی ٹاپ ماڈلز میں ان کا شمار ہونے لگا ۔فیشن شوز ،کمرشلز کے بعد اب ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھارہی ہیں۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ نرگس کی آنیوالی فلموں میں ''شوقین ''کے ریمیک کو ان کے کیرئیر میں بڑی اہمیت حاصل ہوگی ۔

انھوں نے کہا کہ اداکارہ نرگس فخری کی اولین پرفارمنس نے بھی کافی متاثر کیا ہے ان کی اداکاری کے انداز میں ورائٹی ہے جو آنیوالے دور میں ان کی کامیابی اور ترقی کے لیے نئی راہیں ہموار کرنے کا سبب بنے گی ۔ان کا کہنا ہے کہ نرگس فخری کی گیتوں پر پرفارمنس نے بھی ان کے مداحوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے ۔اداکارہ نے نئی فلمیں سائن کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے جن میں وہ مختلف کردار نبھارہی ہیں ۔ آنیوالی فلموں میں انھیں بہتر پرفارم کرنے کے مواقع میسر ہونگے۔ادکارہ کی فلمی مصروفیات میں اضافہ ان کے کام میں بہتری لانے کی بھی دلیل ہے ۔
Load Next Story