دس جماعتی اتحاد کا سندھ میں22 مئی کو ہڑتال کا اعلان

سندھ کے تمام ڈویژنوں اورہائی ویزپردھرنے دینگے،عرفان گل مگسی کااجلاس سے خطاب.

آئندہ کے لائحہ عمل کیلیے دس رکنی کمیٹی تشکیل، نواز شریف سے ملاقات کرے گی. فوٹو: فائل

دس جماعتی اتحاد نے سندھ میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف 22 مئی (بدھ) کو کراچی سمیت صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو کہ میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کرکے ان کو سندھ میں انتخابی دھاندلیوں سے متعلق آگاہ کرے گی اور مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے گا ۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار دس جماعتی اتحاد نے جمعہ کو مسلم لیگ(ن)کے رہنما عرفان گل مگسی کی رہائش گاہ پر اجلاس میں کیا ، بعدازاں عرفان گل مگسی ، عوامی تحریک کے ایاز لطیف پلیجو ، سابق وزیراعلیٰ لیاقت جتوئی ، مسلم لیگ فنکشنل کے پیرزادہ یاسر سائیں سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، اس موقع پر عرفان گل مگسی نے کہا کہ انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی نے دھاندلیوں میں ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے اس لیے ہم بدھ کو صوبے بھر میں ہڑتال کریں گے ۔




جس کے دوران کراچی سمیت سندھ کے تمام ڈویژنوں اور ہائی ویز پر دھرنے دیں گے، احتجاجی مظاہرے کریں گے،اس کے بعد کے مراحل میں احتجاج کے تمام راستے اختیار کریں گے، انھوں نے کہا کہ دس رکنی وفد میں امتیاز احمد شیخ ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ، لیاقت جتوئی ،اعجاز شاہ شیرازی،عرفان گل مگسی، ایاز لطیف پلیجو ،ڈاکٹر قادر مگسی ،ممتاز بھٹو سمیت دیگر رہنما شامل ہوں گے ۔
Load Next Story