ایشین گیمز؛ بلند عزائم لیے ہاکی اور فٹبال ٹیمیں جکارتہ روانہ

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 11 اگست 2018
18اگست تک دستے کے تمام اراکین انڈونیشیا پہنچ جائیں گے، نائب صدر پی او اے۔  فوٹو: فائل

18اگست تک دستے کے تمام اراکین انڈونیشیا پہنچ جائیں گے، نائب صدر پی او اے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  ایشین گیمز میں شرکت کے لیے مختلف کھیلوں کی ٹیموں کا انڈونیشیا روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا، ابتدائی مرحلے میں پاکستان ہاکی اور فٹبال ٹیمیں جکارتہ روانہ ہوگئیں۔

پاکستان کے ہاکی، فٹبال سمیت دوسرے کھیلوں سے وابستہ دستوں نے ایشین گیمز کیلیے کمر کس لی، ایشین گیمز انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں 18اگست سے شروع ہوں گے جس کے 35 ایونٹس میں 359 رکنی قومی دستہ حصہ لے گا۔ سید عاقل شاہ دستے کے چیف ڈی مشن، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ عارف ابراہیم ، سیکریٹری ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک دستے کے ڈپٹی چیف ڈی مشن ہوں گے، میڈیکل اسٹاف میں ڈاکٹر اسد عباس ،سبینا مشتاق اور عبدالقدوس جمالی شامل ہیں۔

پہلے مرحلے میں قومی ہاکی ٹیم انڈونیشیا کے لیے روانہ ہوگی۔ محمد رضوان سینئر قومی ٹیم کی قیادت کریںگے۔ایشین گیمز کی فاتح ٹیم ٹوکیو اولمپکس 2020 تک براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے گی۔

ایونٹ کے تمام میچز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے گلورا بنگ کارنو اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں شریک 11 ٹیموں کو 2گروپس میں رکھا گیا ہے، پول اے میں کوریا، جاپان، سری لنکا اور ہانگ کانگ چائنا کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پول بی میں ملائیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، اومان ، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ایونٹ کا آغاز 20 اگست سے ہوگا، افتتاحی روز 5 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی ، 22 اگست کو پاکستانی ٹیم اومان کے خلاف میدان میں اترے گی، 24 اگست کو گرین شرٹس انڈونیشیا،26 اگست کو ملائیشیا جبکہ 28اگست کو پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی، ایشین گیمز کے فائنل سمیت پوزیشن میچزیکم ستمبرکوکھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کو ایشین گیمزکے دوران اب تک 7 بار گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ پہلی بار گرین شرٹس نے 1958 کے ٹوکیو گیمز کے دوران طلائی تمغہ حاصل کیا، بعد ازاں جکارتہ گیمز1962، بنکاک 1970، تہران 1974، بنکاک1978، نیو دہلی1982، بیجنگ 1990میں گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

پاکستانی ٹیم نے 20سال کے طویل عرصے کے دوران گوانگزو میں ہونے والے گیمزکے دوران پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کو اب تک 3 بار چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ میڈلز پاکستان نے بنکاک 1966، جنوبی کوریا 1986 اور2014کے ایونٹس میں اپنے نام کیے تھے۔ پاکستان فٹبال ٹیم کی بھی جمعے کی رات 11 بجے لاہور سے براستہ تھائی لینڈانڈونیشیا فلائٹ شیڈول تھی۔

میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی قیادت تجربہ کا ر کھلاڑی صدام حسین کریں گے جبکہ نائب کپتان ثاقب حنیف ہونگے، 26 رکنی پاکستانی وفد میں 20کھلاڑی اور 6آفیشلز شامل، قومی فٹبال ٹیم کی ساڑھے تین سال کے بعد بین الاقوامی فٹبال میں واپسی ہوئی ہے، پاکستانی ٹیم گروپ اسٹیج میں پہلا میچ 14اگست کو ویتنام، دوسرا 16اگست کو جاپان جبکہ تیسرا میچ 19اگست کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔

صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے دوران بہترین سہولتیں دی گئیں۔

ادھر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر کیپٹن (ر) محمد عابد قادری نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر دستے کی قیادت کرتے ہوئے پرچم اٹھائیں گے،گیمز کے لیے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور ہم کبڈی، ہاکی، کراٹے، شوٹنگ اور دیگر مختلف کھیلوں میں میڈل کیلیے پُرامید ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔