آسٹریلیا میں خواتین کرکٹرز کیلیے تاریخی معاہدوں کا اعلان

ٹاپ پلیئر کے معاوضوں میں 15 سے 52 ہزار ڈالر تک اضافہ،کم ریٹینرشپ پانے والی کھلاڑیوں کوبھی فائدہ ہوگا.

ایشنز سیریز کے لیے منتخب شدہ آسٹریلوی ویمنز ٹیم کا سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں گروپ فوٹو۔ فوٹو: آئی سی سی/گیٹی

کرکٹ آسٹریلیا نے ملکی ویمنز پلیئرز کیلیے کنٹریکٹ نظام کو ازسرنو تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔

جس کے بعد انٹرنیشنل اور ریاستی کرکٹ کھیلنے والے خواتین پلیئرز کو معقول رقم مل سکے گی اور وہ ملک میں بہترین معاوضہ پانے والی کھلاڑی بن جائیں گی۔ سی اے بورڈ نے ویمنز کرکٹرز کیلیے کنٹریکٹ سسٹم کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دیدی، جس کے تحت تھری ٹائر ادائیگیاں کی جائینگی، اس میں ریٹینر سسٹم سے اسکواڈ رینکنگ سسٹم بھی شامل ہے، ٹاپ پلیئرکے معاوضوں میں 15 سے 52 ہزار ڈالر تک اضافہ ممکن ہوگا جبکہ کم سے کم ریٹینر شپ پانے والی کھلاڑی کو 5 سے 25 ہزار ڈالر تک اضافہ ملے گا۔ دورے میں جانیوالی خواتین کرکٹرز کا ڈیلی الاؤنس بھی 100 سے بڑھاکر250 ڈالر کردیاگیا، آئندہ برس آسٹریلوی ویمنز ٹیم کو85 دن ملک سے باہر رہنا ہے، اس طرح پلیئرز دورے پر ملنے والے الاؤنس کی مد میں بھی 20 ہزار ڈالر سے زائد رقم اپنے بینک کھاتے میں جمع کرپائیں گی۔

معاہدوں کے نظام میں لائی جانیوالی بنیادی تبدیلیوں کے نتیجے میں آسٹریلیا کی نمایاں خواتین کرکٹرز آئندہ 12 ماہ میں لگ بھگ 70 سے 80 ہزار ڈالر حاصل کرپایں گی،کرکٹ آسٹریلیا خواتین پلیئرز کو اپنے تعلیمی سلسلے جاری رکھنے اور کھیل کے ساتھ دیگر کام کرنے میں بھی حوصلہ افزائی کی پالیسی جاری رکھے گا، ہر ریاست کو ایک لاکھ ڈالر کی اضافی رقم بھی دی جائے گی جو وہ زیر معاہدہ پلیئر اور نیشنل ایونٹس میں شامل پلیئرز کے کھیل کا معیار قائم رکھنے میں خرچ کرسکے گی۔




سی اے کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے کہا کہ ایک دن ہماری خواتین کرکٹرز کُل وقتی طور پر کھیل کواپنا ذریعہ معاش بنالیں گی، انکی پرفارمنس اس بات کی متقاضی ہے کہ انھیں یہ معاوضے دیے جائیں۔ ادائیگیوں کے نئے نظام سے آئندہ 12 ماہ میں 14 پلیئرز مستفید ہونگی، گذشتہ برس سے چارکھلاڑیوں کو کم کیا گیا ہے ، 17 سالہ ہولی فیرلینگ کو فروری میں منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں متاثر کن پرفارمنس کی بنیاد پر معاہدے پانے والی کرکٹرز میں شامل کرلیاگیا، ایلیسی ویلانی اور میگان سکشٹ کو بھی پہلی مرتبہ بورڈ سے معاوضہ ملے گا۔

2012-13 فہرست سے باہر ہونیوالی پلیئرز میں ریٹائرڈ لیزا اسٹیتھلیکرکیساتھ لورین ایبسری،سارہ ایلیوٹ،شیرون میلینٹااور لی پولٹن شامل ہیں، 2013-14 کیلیے بورڈ سے معاوضے پانے والوں کی فہرست میں الیکس بلیک ویل، جیسی کیمرون، سارہ کوئٹے، ہولی فیرلینگ، جوڈی فیلڈز، راشیل ہائنز، ایلیسا ہیلی، جولی ہنٹر، جیس جوناسین، میگ لیننگ، ایرن اوسبورن، الیسی پیری، میگان سکشٹ اور ایلیسی ویلانی موجود ہیں۔ شوٹنگ اسٹارز معاہدوں کی فہرست میں جیما بریسبی، کرسٹن بیمز، نکول بولٹن، ایرن برنز، نکولا کیری، ایما اینگلس، ڈیلیسا کیمنسی، بیتھ مونی، اینجیلا رئیکس، مولی اسٹینرو ، کارا سدرلینڈ اور جیما ٹریسکیری شامل ہیں۔
Load Next Story