کیریبیئن پریمیئر لیگ عرفان کی محنت پر اسمتھ نے پانی پھیردیا

قومی پیسر کی کفایتی بولنگ کے برعکس آسٹریلوی پلیئر نے 2 اوورز میں 37 رنز دیدیے

بارباڈوس کو سینٹ کٹس نے مات دیدی، جمیکا کا سینٹ لوشیا پر غلبہ، عماد کی ایک وکٹ فوٹو:انٹرنیٹ

کیریبیئن پریمیئر لیگ میں محمد عرفان کی محنت پر اسٹیون اسمتھ نے پانی پھیردیا، سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس کے خلاف سابق آسٹریلوی کپتان کی دریا دلی بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی 6 وکٹ سے شکست کا باعث بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق سی پی ایل کے 16 ویں میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس کے خلاف جہاں محمد عرفان نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کوٹے کے چار اوورز میں صرف ایک رن کے عوض 2 وکٹیں لے کر جہاں نئی تاریخ رقم کی وہیں پر ان کے ساتھی کھلاڑی اور سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کی دریادلی ٹیم کیلیے مہنگی ثابت ہوئی، عرفان کی 23 ڈاٹس بالز کے بعد پیٹریاٹس کے بیٹسمینوں نے ہاتھوں پاؤں کھولے اور7 بالز قبل ہی 148 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، خاص طور پر انھوں نے اسمتھ کو نشانہ بنایا جنھوں نے اپنے دوسرے اوور میں 27 رنز کی پٹائی برداشت کی جس میں 4 چھکے بھی شامل تھے۔


انھوں نے مجموعی طور پر2 اوورز میں37 رنز دیے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے برینڈن کنگ نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے49 بالز پر 60 رنز بنائے جبکہ ڈیون تھامس نے بھی 32 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ اس سے قبل ٹرائیڈینٹس نے6 وکٹ پر147 رنز بنائے تھے، جس میں جیسن ہولڈر کے 35 بالز پر بنائے گئے 54 رنز نمایاں تھے، اینٹون ڈیوچ اوربین کٹنگ نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

دن کے دوسرے میچ میں جمیکا تلاواز نے سینٹ لوشیا اسٹارز کو 21 رنز سے زیر کیا، فاتح سائیڈ نے 5 وکٹ پر 204 رنز بنائے جس میں رومان پاول کے 64 رنز نمایاں تھے جوکہ انھوں نے 37 بالز پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے بنائے تھے۔ کیسرک ولیمز نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں سینٹ لوشیا اسٹارز کی ٹیم 8 وکٹ پر 183 رنز بنا پائی، پولارڈ 46، سمنز 45 اور ڈیوڈ وارنر 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تھامس اور آندرے رسل نے دودو وکٹیں لیں۔
Load Next Story