پی سی بی گورننگ بورڈ کے آر ایل کی نمائندگی ایازبٹ کریں گے

سیالکوٹ کو چیئر مین کے انتخاب میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملے گا


Sports Reporter/Abbas Raza August 27, 2018
سیالکوٹ کو چیئر مین کے انتخاب میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملے گا فوٹو:فائل

پی سی بی گورننگ بورڈ میں کے آر ایل کی نمائندگی ایازبٹ کریں گے، یو بی ایل کی ٹیم ختم ہونے پر پیدا ہونے والا خلا پر ہونے سے 4 ڈپارٹمنٹس کی تعداد پوری ہوجائے گی، منتخب باڈی نہ ہونے کی وجہ سے سیالکوٹ ریجن کو چیئر مین کے انتخاب کیلیے ووٹنگ میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اورعارف اعجاز کی صورت میں گورننگ بورڈ کے دو ارکان فارغ ہوچکے، ان کی نشستیں اب احسان مانی اور اسد علی خان سنبھال چکے ہیں، دیگر 8 ارکان میں 4 ڈپارٹمنٹس واپڈا، حبیب بینک، سوئی سدرن گیس اور یونائیٹڈ بینک کے نمائندے شامل تھے لیکن یوبی ایل نے اپنی ٹیم ہی ختم کردی جس کی وجہ سے منصورمسعود خان بھی نمائندگی سے محروم ہوگئے۔

بینک کی رکنیت ختم ہونے کے بعد خلا پرکرنے کیلیے کے آر ایل کو شامل کیا گیا ہے، ادارے نے گورننگ بورڈ میں اپنی نمائندگی کیلیے ایازبٹ کا انتخاب کیا ہے، وہ کے آرایل کیساتھ بطور ڈائریکٹر اسپورٹس وابستہ ہیں، پی سی بی کی جانب سے نامزدگی بھجوانے کیلیے کی جانے والی ای میل کے جواب میں ان کا نام دینے کی رسمی کارروائی ایک دو روز میں مکمل ہو جائے گی۔

دوسری جانب 4 ریجنز میں سے مراد اسماعیل کوئٹہ، شاہ ریز عبداللہ روکھڑی لاہور اور کبیر احمد خان فاٹا کی نمائندگی کیلیے موجود ہیں جبکہ سیالکوٹ ریجن کا الیکشن عدالتی معاملات کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے، روٹیشن پالیسی کے تحت گورننگ بورڈ میں شمولیت صرف سیالکوٹ کا حق ہے۔

کسی دوسرے ریجن کو متبادل کے طور پر شامل نہیں کیا جا سکتا، اگرچہ سیالکوٹ ریجن کے حوالے سے عدالتی کیسزکا فیصلہ ہو چکا لیکن چیئرمین پی سی بی کیلیے ایک ہفتہ میں متوقع ووٹنگ سے قبل ریجنل الیکشن ممکن نہیں، یوں وزیراعظم اورپیٹرن انچیف عمران خان کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی ووٹنگ کا عمل گورننگ بورڈ میں شامل 4 ڈپارٹمنٹس، 3 ریجنز اور 2 حکومتی ارکان کی موجودگی میں مکمل ہوگا۔

مقبول خبریں