ڈاک لیبرز کی 9 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلیے الٹی میٹم

بزنس رپورٹر  منگل 18 ستمبر 2018
چائنیزکمپنی پر3 کروڑ روپے کے واجبات ہیں،ادا نہ ہوئے تو تحریک چلائیں گے،حسین بادشاہ۔ فوٹو : فائل

چائنیزکمپنی پر3 کروڑ روپے کے واجبات ہیں،ادا نہ ہوئے تو تحریک چلائیں گے،حسین بادشاہ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ورکرزیونین آف پورٹ قاسم نے چائنیز کمپنی ہیونینگ فیوین پورٹ اینڈ شپنگ کی جانب سے ڈاک لیبرز کی 9 ماہ کے واجبات کی ادائیگیوں کے لیے2 دن کا الٹی میٹم دیدیا ہے۔

یونین کے جنرل سیکریٹری حسین بادشاہ نے چئیرمین سبحان ساحل اور گل باچا کے ہمراہ پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے چائنیز کمپنی کومتنبہ کیا ہے کہ الٹی میٹم کی 2روزہ مدت ختم ہونے کے بعد 1757 ڈاک لیبرز احتجاجی تحریک شروع کردیں گے۔

حسین بادشاہ نے بتایا کہ چائینیز کمپنی پورٹ قاسم کے برتھ نمبر 3 اور 4 میں خدمات انجام دینے والے 1757ڈاک لیبرزکو9 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگیاں نہیں کررہی۔ چائنیزکمپنی پرڈاک لیبرکے3 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔کمپنی 9 ماہ کی اجرتوں کی ادائیگیوں کو ملازمتوں سے فراغت کے ساتھ مشروط کررہی ہے، حالانکہ ڈاک لیبرز جولائی 2017 میں کمپنی کے ساتھ طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔ متعلقہ ذمے دار ادارے بھی ڈاک لیبربورڈ کے حقوق کا تحفظ نہیں کررہے ، یہی وجہ ہے کہ لیبر کورٹ میں مزکورہ کمپنی کے دوران سماعت پیش نہیں ہورہے۔

انھوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی بھی سن کوٹے کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے 250 نئے ڈاک لیبرز کے کارڈز کے اجرامیں عدم تعاون کا مظاہرہ کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔