اگست میں فوڈ آئٹمزکی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ

خصوصی رپورٹر  پير 24 ستمبر 2018
گندم کی برآمدات میں 100،پھلوں کی 20.79،مسالہ جات میں 17.9فیصد اضافہ ریکارڈ
 فوٹو: فائل

گندم کی برآمدات میں 100،پھلوں کی 20.79،مسالہ جات میں 17.9فیصد اضافہ ریکارڈ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  رواں مالی سال کے اگست کے مہینے میں کھانے کی اشیا کی برآمدات میں 14فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔تاہم چاول، مچھلی اور آئل سیڈ کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے ۔

ادارہ شما ریات کے مطابق گزشتہ مالی سال اگست کے مہینے کے مقابلے میں رواں مالی سال اگست میں کھانے کی اشیا (فوڈ آئٹمز) کی ملکی برآمدات میں 14 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ رواں مالی سال کے اگست کے مہینے میں پھلوں کی برآمدات 3 کروڑ 64 لاکھ 49 ہزار ڈالر کی ہوئی جو کہ گزشتہ مالی سال اگست کے مہینے میں 3 کروڑ1 لاکھ 75 ہزار ڈالر تھی۔ اس طرح رواں مالی سال اگست کے مہینے میں پھلوں کی برآمدات میں 20.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔اسی طرح گندم کی برآمدات میں 100فیصد اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ مالی سال اگست کے مہینے میں گندم کی برآمدات نہیں ہو ئی تھی جو اس سال 3کروڑ 86لاکھ 38ہزار ڈالر گندم کی برآمدات ہوئی ہے۔اسی طرح مسالہ جات کی برآمدات میں 17.9فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔گزشتہ مالی سال کے اگست کے مہینے تک مسالہ جات کی برآمدات 45لاکھ 14 ہزار ڈالر کی ہوئی تھی جو رواں مالی سال کے اگست کے مہینے تک 53لاکھ 24ہزار ڈالر کی ہوگئی ہیں ۔

دوسری جانب چاول کی برآمدات میں 2فیصد کمی آئی ہے اور گزشتہ مالی سال کے اگست کے مہینے تک 11کروڑ 61لاکھ 76ہزار ڈالر کی چاولوں کی برآمدات ہوئی تھی جورواں مالی سال کے اگست کے مہینے تک 11کروڑ 29لاکھ 17ہزار ڈالر کی رہ گئی ہیں ۔ اسی طرح مچھلی اور مچھلی سے تیارہ کر دہ کھانے کی اشیاکی برآمدات میں بھی 22فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ مالی سال اگست کے مہینے تک 2کروڑ 27لاکھ 86 ہزار ڈالر کی برآمدات گر کر رواں سال اگست تک 1 کروڑ 76لاکھ 99ہزار ڈالر تک رہ گئی ہے ۔

اسی طرح آئل سیڈ کی برآمدات میں بھی 49فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ مالی سال کے اگست کے مہینے تک 38لاکھ 5ہزار ڈالر کی آئل سیڈ کی برآمدات کم ہو کر 19لاکھ 39ہزار ڈالر کی رہ گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔