ٹی 10 لیگ؛ پی سی بی پر پلیئرز کو ریلیز کرنے کیلیے دباؤ

سلیم خالق  منگل 25 ستمبر 2018
منتظمین 6لاکھ ڈالردینے کو تیار،کیویزسے میچزکے سبب ٹیسٹ پلیئرزباہر۔ فوٹو: فائل

منتظمین 6لاکھ ڈالردینے کو تیار،کیویزسے میچزکے سبب ٹیسٹ پلیئرزباہر۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی سی بی پرٹی10 لیگ کیلیے کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا دباؤ بڑھنے لگا۔

گزشتہ برس سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی شارجہ میں منعقدہ ٹی ٹین لیگ کیلیے پلیئرز کو ریلیز کرنے پر شدید تنقید کی زد میں آئے تھے،انھوں نے کہا تھا کہ اس کے عوض بورڈ کو آرگنائزرز نے چار لاکھ ڈالرز ادا کیے،نئے چیئرمین احسان مانی نے گزشتہ دنوں ایونٹ پر بعض شکوک ظاہر کیے تھے اس کے بعد اب بورڈ پررواں برس بھی ایونٹ کیلیے کرکٹرز کو ریلیز کرنے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

بعض ایسی شخصیات جن کا لیگ سے مفاد وابستہ ہے وہ چیئرمین کو یقین دلا رہی ہیں کہ کچھ غلط نہیں ہوگا،اس برس چونکہ زیادہ میچز ہونے ہیں اور ایونٹ کا دورانیہ بھی بڑھ چکا لہذا منتظمین نے پی سی بی کو 6 لاکھ ڈالر دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

لیگ کے سربراہ شجیح الملک کی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے گزشتہ دنوں پاک بھارت ایشیا کپ میچ کے دوران  دبئی اسٹیڈیم میں ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں ایونٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹی ٹین کے سابق پارٹنر سلمان اقبال نے ایونٹ کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے علیحدگی اختیار کر لی تھی مگر اب انھیں منانے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹین لیگ کا دوسرا ایڈیشن23 نومبر سے 2 دسمبر تک شارجہ میں ہوگا، اس دوران پاکستان ٹیم یو اے ای میں ہی نیوزی لینڈ سے  ٹیسٹ سیریزکھیل رہی ہو گی، یوں ٹیسٹ پلیئرز ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔