نسیم اشرف امارات لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شمولیت کیلئے پُرامید

سلیم خالق  ہفتہ 13 اکتوبر 2018
لیگ میں شرکت سے پاکستانی کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے میں مدد ملے گی، سابق چیئرمین پی سی بی . فوٹو : فائل

لیگ میں شرکت سے پاکستانی کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے میں مدد ملے گی، سابق چیئرمین پی سی بی . فوٹو : فائل

 کراچی: امارات کرکٹ لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شمولیت کے لئے پُرامید ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے منظور شدہ ایونٹ میں کھلاڑی بھجوانے میں کوئی امر مانع نہیں ہونا چاہیے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو خصوصی انٹرویو میں امارات کرکٹ لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ ایونٹ میں ڈی ویلیئرز، شاہد آفریدی اور آندرے رسل سمیت کئی سپر اسٹارز حصہ لے رہے ہیں، پاکستان، بھارت اور دیگر ملکوں کے کوچز بھی موجود ہوں گے، لیگ میں شرکت سے پاکستانی کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اورمجموعی طور پر بھی کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کے لئے آئی سی سی تحریری منظوری دے چکی، ہم تمام قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں گے، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کھیل کے انتطامی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، امید ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹرز کو لیگ میں شرکت کی اجازت دے دیں گے، میں ایک پاکستانی ہونے کے ناطے کوئی ایسا قدم اٹھانے کا تصور بھی نہیں کرسکتا جس سے ملکی کرکٹ کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ لیگ کا انعقاد ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب پاکستانی کرکٹرز کی انٹرنیشنل مصروفیات نہیں ہوں گی۔

سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ای سی ایل کرانے کے دہرے مقاصد ہیں، ایک تو اسٹار کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا، دوسرے میزبان بورڈ کے مالی وسائل میں بھی اضافہ ہوگا، ایونٹ کے لیے ابھی تک 250 انٹرنیشنل کرکٹرز اپنی دستیابی ظاہر کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔