کراچی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشنز آج ہوں گے

عام انتخابات میں این اے 247 سے عارف علوی اور پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے کامیابی حاصل کی تھی

عام انتخابات میں این اے 247 سے عارف علوی اور پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے کامیابی حاصل کی تھی۔ فوٹو:فائل

شہر قائد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی انتخاب کا معرکہ آج سجے گا۔

این اے 247 اور پی ایس 111 میں ضمنی انتخاب کا معرکہ آج سجے گا۔ پولیس، رینجرز اور فوج کی نگرانی میں پولنگ کا سامان عملے کے حوالے کیے جانے کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز اور باکسز پہنچا دیے گئے ہیں۔


حلقہ این اے 247 سے ڈاکٹر عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم ڈاکٹر عارف علوی کے صدر مملکت منتخب ہونے اور عمران اسماعیل کے گورنر سندھ بننے کے بعد یہ دونوں نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔

این اے 247 پر تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی، ایم کیو ایم کے صادق افتخار، پیپلز پارٹی کے قیصر نظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل، پیپلز پارٹی کے فیاض پیرزادہ اور پی ایس پی کے یاسر الدین میدان میں ہیں۔

این اے 247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ایک لاکھ 78 ہزار 965 ہے۔ این اے 247 میں پولنگ کے لیے 240 جبکہ پی ایس 111 کے لیے 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
Load Next Story