سرفراز احمد نے فٹنس پر خدشات سے پیچھا چھڑا لیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 اکتوبر 2018
ٹیم کوشعیب ملک کی یواے ای آمدکاانتظار،ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیے مشقوں کا آغاز۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹیم کوشعیب ملک کی یواے ای آمدکاانتظار،ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیے مشقوں کا آغاز۔ فوٹو: اے ایف پی

ابوظبی: کپتان سرفراز احمد نے فٹنس پر خدشات سے پیچھا چھڑا لیا۔

ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو1-0سے ہرانے کے بعد پاکستان ٹیم کی نگاہیں اب ٹی ٹوئنٹی پر مرکوز ہیں، پہلے سے یواے ای میں موجود قومی کرکٹرز کے ساتھ وطن سے روانہ ہونے والے کھلاڑی بھی اسکواڈ کو جوائن کرچکے ہیں، بچے کی ولادت کے منتظر شعیب ملک کی گزشتہ شب تک آمد نہیں ہوئی تھی۔

دوسری جانب ٹیسٹ سیریز میں ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعداگلی صبح غنودگی کی کیفیت محسوس کرنے والے کپتان سرفراز احمد مکمل طور پر فٹ ہوگئے ہیں،پیر کو کرکٹرز نے ابوظبی میں بھرپور مشقیں کرتے ہوئے خود کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ہم آہنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا،ٹریننگ شروع ہونے سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا۔

بعد ازاں وارم اپ اور فٹنس ڈرلز کا آغاز ہوا،کھلاڑیوں کو مشکل کیچز کی پریکٹس کرائی گئی۔ اچانک سامنے آنے والی گیندوں پر لپکنے کا ٹاسک دیا گیا،گیندوں کو فوری اٹھاکر سنگل وکٹ کو نشانہ بنانے کی مشق بھی جاری رہی۔

بیٹنگ پریکٹس کے دوران ابوظبی ٹیسٹ میں عمدہ پرفارم کرنے والے فخرزمان نے جارحانہ اسٹروکس کھیلے،بابر اعظم نے بھی طویل سیشن کیا،آصف علی، حسین طلعت اور عماد وسیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بولرز کو نشانے پر رکھا۔

اظہر محمود نے پیس بیٹری پر توجہ دیتے ہوئے ڈیبیو کے منتظر پیسر وقاص مقصود کو خصوصی مشورے دیے، عثمان شنواری اچھے ردھم میں نظر آئے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی بدھ کو کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔