پکنک سوگ بن گئی کینجھر جھیل میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد ڈوب کر ہلاک

اسرائیم اور ابراہیم سگے بھائی تھے، بھتیجے سہیل کو ڈوبتا دیکھ کر بچانے گئے تھے،بھائی محمد انعام

تینوں افراد کی لاشیں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی ایدھی سرد خانے پہنچائی گئیں. فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن سے پکنک پرکینجھر جھیل جانے والے ایک ہی خاندان کے3 افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر5 سیکٹر 12-Lمکان نمبر D-73 کا رہائشی خاندان پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل گیا تھا جہاں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے3 افراد جن میں33 سالہ اسرائیم ولد محمد سلطان، 28 سالہ ابراہیم ولد محمد سلطان اور 18سالہ سہیل ولد محمد مرسلین ڈوب کر ہلاک ہو گئے جن کی لاشیں موقع پر موجود لوگوں کی مدد سے جھیل سے باہر نکالی گئی، بعد ازاں تینوں افراد کی لاشیں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی ایدھی سرد خانے پہنچائی گئیں، ڈوب کر ہلاک ہونے والے بھائیوں کے بڑے بھائی محمد انعام نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پکنک پر کینجھر جھیل گئے تھے۔




دو پہرایک بجے کے قریب ان کا بھتیجا 18سالہ سہیل جھیل میں نہاتے ہوئے اچانک ڈوب گیا جسے بچانے کے لیے اسرائیم اور ابراہیم بھی جھیل میں کوڈ پڑے اور بد قسمتی سے تینوں افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، انھوں نے بتایا کہ وہ 5 بھائی تھے اورسانحہ میں ہلاک ہونے والے بھائی چوتھے اور پانچ ویں نمبر پر تھے، ابراہیم کی ڈیڑھ سال قبل اور اسرائیم کی3 سال قبل شادی ہوئی تھی، بھائیوں کی گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب المونیئم اور شیشے کی کھڑکی و دروازے بنانے کی دکان تھی، بعدازاں افسوسناک واقعے میں ہلاک تینوں افراد کی نماز جنازہ بعد نماز عشا اورنگی ٹاؤن نمبر5 جمعہ پان ہاؤس کے قریب واقع مسجد عثمانیہ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے جس کے بعد ان کی تدفین اورنگی ٹاؤن نمبر 13میں واقع قبرستان میں کردی گئی۔
Load Next Story