بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے شاہ محمود قریشی

بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جو ظلم و ستم ڈھا رہا ہے وہ پوری دنیا کے سامنے ہے، وزیر خارجہ

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمارا مؤقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے، وزیر خارجہ (فوٹو: فائل)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا پردہ چاک ہوچکا ہے اور ہندوستان کا اصلی چہرہ دنیا بھر کے سامنے آرہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں پارٹی امور، خطے کی صورتحال بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہمارا مؤقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جو ظلم و ستم ڈھا رہا ہے وہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا پردہ چاک ہو چکا ہے، ایک طرف پوری دنیا کی میڈیا رپورٹس کے ذریعے ہندوستان کا اصلی چہرہ دنیا بھر کے سامنے آ رہا ہے وہیں کشمیر کے حوالے سے ہمارے مؤقف کی توثیق اور تصدیق بھی ہو رہی ہے۔
Load Next Story