ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان ہاکی ٹیم کے آفیشل گانے کی وڈیو جاری

میاں اصغر سلیمی  جمعرات 22 نومبر 2018
گانے کی ویڈیو میں پاکستان ہاکی ٹیم کی 1994ء کی ٹرافی اور ماضی کے سنہری دور کی فوٹیج بھی دکھائی گئی ہے۔ فوٹو: اسکریپ گریب

گانے کی ویڈیو میں پاکستان ہاکی ٹیم کی 1994ء کی ٹرافی اور ماضی کے سنہری دور کی فوٹیج بھی دکھائی گئی ہے۔ فوٹو: اسکریپ گریب

 لاہور: ہاکی ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کے آفیشل گانے ” اٹھا ہاکی چل میدان میں تم “ کی وڈیو جاری کردی گئی۔

ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے آفیشل گانے کی وڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ سحر علی بگا کی آواز میں ریکارڈ کیے جانے والے ” اٹھا ہاکی چل میدان میں تم “ گانے کی ریکارڈنگ میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کی تیاریاں کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دو منٹ اور انیس سیکنڈ پر مشتمل اس وڈیو میں کوچز توقیر ڈار، ریحان بٹ اور دانش کلیم کھلاڑیوں میں جیت کا جوش پیدا کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اس وڈیو میں پاکستان ہاکی ٹیم کی 1994ء کی ٹرافی اور ماضی کے سنہری دور کی فوٹیج بھی دکھائی گئی ہے۔

پاکستان ٹیم کے کوچ دانش کلیم اور ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ ولڈ کپ کے موقع پر قومی ٹیم میں حوصلہ افزائی خوش آئند ہے جس سے کھلاڑیوں کے حصولے بلند ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی تمام تیاریاں مکمل ہیں کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیموں کو ٹف ٹائم دیں جب کہ کوچز کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران وہ دباﺅ لینے کی بجائے اپنی نیچرل گیم پیش کریں۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارتی شہر بھوبنیشور میں شروع ہوگا جس میں مجموعی طور پر سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی جہاں پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ کا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کےخلاف کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔