نیشنل گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں آغاز، 2 ہزار ایتھلیٹس شرکت کرینگے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 29 جون 2013
اسلام آباد: سابق کرکٹ کپتان جاوید میانداد، ایتھلیٹس اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نیشنل گیمز کے آغاز پر مشعل تھامے ہوئے،عقب میں شاہ فیصل مسجد نمایاں ہے۔  فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد: سابق کرکٹ کپتان جاوید میانداد، ایتھلیٹس اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نیشنل گیمز کے آغاز پر مشعل تھامے ہوئے،عقب میں شاہ فیصل مسجد نمایاں ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد: پاکستان اولمپک کمیٹی کی عبوری کمیٹی کے زیراہتمام نیشنل گیمز کا رنگارنگ تقریب میں آغاز ہوگیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے فیصل مسجد سے شروع ہونے والے ٹارچ ریلے کی قیادت کی، سابق ہاکی اسٹار قاسم ضیا نے جناح اسٹیڈیم میں مشعل روشن کی۔ سندھ، بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، پنجاب، اسلام آباد ، آرمی ، نیوی ، ایئر فورس، ریلویز ، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے دستے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے جناح اسٹیڈیم میں داخل ہوئے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مقابلوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پرشائقین کیلیے رنگارنگ ثقافتی شو پیش کیا گیا جس میں ملک کے نامور فنکاروں نے شاندار پرفارم کیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد عبوری کمیٹی نے 32ویں نیشنل گیمز کے بجائے نیشنل گیمز کے نام سے ایونٹس کرانے کا فیصلہ کیا، 9 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ہونے والے کھیلوں میں واپڈا کی عدم شرکت پر ٹائٹل پاکستان آرمی کے نام ہونے کی راہ ہموار ہوگئی۔

افتتاحی تقریب کیلیے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو دعوت دی گئی تھی لیکن انھوں نے مصروفیات کی وجہ سے معذرت کرلی،ان کی جگہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گیمز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے فیصل مسجد سے شروع ہونے والے ٹارچ ریلے کی قیادت کی، قاسم ضیا نے جناح اسٹیڈیم میں مشعل روشن کی،سندھ ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد ، آرمی ، نیوی ، ایئر فورس، ریلویز ، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرکے دستے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے جناح اسٹیڈیم میں داخل ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل سید امیر حمزہ گیلانی،ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) ڈاکٹر ایم اختر نواز گنجیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل چوہدری سلامت، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایڈیشنل سیکریٹری فرقان بہادر خان، جوائنٹ سیکریٹری (اسپورٹس) سید محمد جاوید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں شائقین کیلیے رنگا رنگ ثقافتی شو پیش کیا گیا جس میں ملک کے نامور فنکاروں نے شاندار پرفارم کیا۔اس موقع پر میڈیا کو بتایا گیا کہ کھیلوں کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، ظفر عباس لک نیشنل گیمز کی سیکیورٹی کے سربراہ ہونگے،اسلام آباد پولیس کی نفری بھی اسپورٹس بورڈ سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ کمپلیکس کے داخلی دروازوں اور اطراف میں تعینات کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ سید امیر حمزہ شاہ گیلانی نے کہا کہ ہم اسپورٹس کمپلیکس کے اندر گیمز کی سخت نگرانی بھی کریں گے،خاص طور پر انتظامی امور اور کھلاڑیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، انھوں نے کہا کہ حکومت نے 8 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جن کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ 4 جولائی تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں مردوں کے 29 اور خواتین کے11 مقابلے ہوں گے، اس میں مجموعی طور پر 2 ہزار ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔

18 مختلف کھیلوں کا انعقاد جناح اسٹیڈیم، حمیدی ہال، نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، گن کلب اور اسپورٹس کمپلیکس میں واقع وینیوز پر کیا جائے گا۔ ٹینس، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال اور کبڈی کے مقابلے نیول اسپورٹس کمپلیکس، آرمی جمنازیم راولپنڈی اور شہباز شریف اسپورٹس ہال شمس آباد میں ہونگے۔ روئنگ اور کینوئنگ ایونٹس راول جھیل، گالف اسلام آباد کلب جبکہ سیلنگ ایونٹ کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔