مصر، حکومت مخالف مظاہرے جاری، جھڑپوں میں امریکی سمیت 3 افراد ہلاک، امریکا کا صورتحال پر اظہار تشویش

نیٹ نیوز / اے ایف پی / خبر ایجنسیاں  اتوار 30 جون 2013
مظاہرین کا قاہرہ میں ایک جامع مسجد کے باہر مظاہرہ، آج ملک بھر میں بڑی ریلیاں نکالنے کا اعلان، مصر کو مفلوج کر نے کی سازش ہرگز کامیاب نہں ہونے دینگے، مصری صدر. فوٹو: رائٹرز

مظاہرین کا قاہرہ میں ایک جامع مسجد کے باہر مظاہرہ، آج ملک بھر میں بڑی ریلیاں نکالنے کا اعلان، مصر کو مفلوج کر نے کی سازش ہرگز کامیاب نہں ہونے دینگے، مصری صدر. فوٹو: رائٹرز

قاہرہ: مصر میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں جھڑپوں میں ایک امریکی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ امریکا نے کا صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپوں کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کو مصر کا غیر ضروری سفر کرنے سے منع کیا ہے جبکہ قاہرہ میں امریکی سفارت خانے کے غیر ضروری عملے کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے صدر مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جاری مظاہروں میں تشدد بڑھنے کے بعد یہ اعلان سامنے آیا ہے۔ صدر مرسی کے حامی بھی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ مصر میں ہونیوالے حالیہ مظاہروں میں اب تک ایک امریکی شہری سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ مصر کے سیاسی اور سماجی حالات کشیدہ ہونیکی وجہ سے امریکی شہری مصر کا غیر ضروری سفر مت کریں۔ گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق غیر ہنگامی عملے اور خاندان کی واپسی کا حکم دیا گیا ہے۔ مصر کے صدر مرسی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنیوالے مظاہروں میں تیزی آئی ہے اور اْن کے مخالفین نے اتوار کو صدر مرسی کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر ایک بڑے مظاہرے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ صدر کے حامیوں نے اْن کے استعفیٰ کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

مصر میں صدر محمد مرسی کے اقتدار کے ایک سال کے خاتمے پر ملک میں ہونے والے مظاہرے جاری ہیں۔جبکہ جھڑپوں میں ایک امریکی سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قاہرہ کا مرکزی ہوائی اڈہ پر مسافروں کی بھیٹر ہے اور یورپ، امریکا اور خلیجی ممالک جانے والے تمام پرازویں پر بہت رش ہے۔ مصر میں حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کی تصویر کھینچتے کے دوران مبینہ طور پر امریکی شہری کو سینے میں خنجر مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے مصر میں مظاہروں میں امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

مصر میں برسراقتدار جماعت اخوان المسلمین کے خلاف پرتشدد مظاہروں کی روک تھام کے لیے حکام نے پولیس کے علاوہ فوج کے ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں صدر محمد مرسی کے ہزاروں حامی کے شہر کی مرکزی مسجد کے باہر جمع ہیں۔مصری صدر محمدمرسی اور ان کے اہلخانہ کو نامعلوم مقام پرمنتقل کردیاگیا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر اوباما نے مصر میں بڑھتے ہوئے مظاہروں کے دوران ایک امریکی شہری سمیت دیگر ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔