اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری ن لیگ امیر ترین جماعت

وزیر اعظم کے پاس 3 کروڑ 86 لاکھ، شیری رحمان 77 کروڑ، حمزہ شہباز41 کروڑ اور غلام احمد بلور کے پاس 20 کروڑ کے اثاثے ہیں

وزیر اعظم 3 کروڑ 86 لاکھ، شیری رحمان 77 کروڑ، حمزہ شہباز41 کروڑ اور غلام احمد بلور کے پاس 20 کروڑ کے اثاثے ہیں (فوٹو: فائل)

MULTAN:
الیکشن کمیشن نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) امیر ترین جماعت ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 27 کروڑ 34 لاکھ 12 ہزار 731 روپے ہے، شہباز شریف نے شریف پولٹری فارمز، شریف ڈیری فارمز، کوالٹی چکن اور رمضان شوگر ملز کے شئیرز کی خریداری اور دیگر سرمایہ کاری کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔

الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے مالی سال 2016-2017 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں، وزیراعظم عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے۔

اسی طرح پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 41 کروڑ 15 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے، ان کی غیر زرعی اراضی کی مالیت 13 کروڑ 64 لاکھ سے زائد اور زرعی زمینوں کی مالیت 3 کروڑ 797 سے زائد ہے جب کہ ان کے بینک اکاؤنٹس میں 43 لاکھ 70 ہزار سے زائد کی رقم موجود ہے۔


مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے 60 تولہ سونا، کراچی اور خضدار میں گھر کی مالیت اور سرمایہ کاری ظاہر کی ہے جس کے مطابق ان کے پاس 37 کروڑ 80 لاکھ 98 ہزار روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں۔ برجیس طاہر کے اثاثوں کی کل مالیت 2 کروڑ 78 لاکھ سے زائد ہے، راجہ ظفر الحق کے پاس 4 کروڑ روپے اور سینیٹر مشاہد اللہ خان کے پاس 3 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان 77 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں، رضا ربانی 10 کروڑ روپے اور سلیم مانڈوی والا 3 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے 36 کروڑ 24 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں۔ مراد علی شاہ کو ان کے والد نے تحفے میں زرعی زمین دی جس کی موجودہ مالیت ساڑھے 3 کروڑ روپے ہے جب کہ ان کے پاس 100 تولہ سونا بھی ہے۔

اے این پی کے رہنما غلام بلور کے اثاثوں کی کل مالیت 20 کروڑ 97 لاکھ سے زائد جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم 17 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

پرویز خٹک کے پاس 28 کروڑ 65 لاکھ 69 ہزار سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں، پرویز خٹک نے پلاٹس، مکان، اپارٹمنٹس، کمرشل بلڈنگز، زرعی زمین، شاپنگ پلازوں میں شئیر ہولڈرز ہونے کے ناطے بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
Load Next Story