پاکستان نے جوہری و کیمیائی آلات کی ترسیل سے متعلق نظرثانی شدہ فہرست جاری کردی

جاری کردہ فہرست میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول کے قواعد اور آسٹریلیا گروپ کے معیارات پر پورا اترتی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

یہ قانون سامان، مواد، ٹیکنالوجی اور آلات کی برآمدات، ترسیل اور راہداری امور سے متعلق ہے، ترجمان (فوٹو: فائل)

وزارت خارجہ کے تزویراتی برآمدی امور ڈویژن نے جوہری و کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق قانون کے تحت نظرثانی شدہ فہرست جاری کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق جوہری و کیمیائی ہتھیاروں کے ترسیلی نظام قانون 2004ء کے تحت وزارت خارجہ کے تزویراتی برآمدی امور ڈویژن نے نظرثانی شدہ فہرست جاری کر دی ہے، یہ قانون سامان، مواد، ٹیکنالوجی اور آلات کی برآمدات، ترسیل اور راہداری امور سے متعلق ہے۔


ترجمان نے بتایا کہ تزویراتی برآمدی امور ڈویژن نے متعلقہ وزارتوں، اداروں سے مشاورت کے بعد نظر ثانی فہرست کا اجرا کیا ہے یہ نظر ثانی شدہ فہرست عالمی معیار، بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے جب کہ فہرست میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول قواعد، آسٹریلیا گروپ کے معیارات پرپورا اترتی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی فہرست نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے معیارات کے مطابق ہے، پاکستان نے جوہری و کیمیائی امور پر برآمدی فہرست کا چوتھی باراجراء کیا، یہ اقدام اس عزم کا عکاس ہے کہ پاکستان ذمہ دار جوہری قوت ہے، پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق اپنے عزم پرسختی سے کاربند ہے۔
Load Next Story