میکسیکو کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 7 بچے ہلاک

حادثے کے وقت والدین ملازمت پر تھے اور بچے گھر میں تنہا تھے

والدین بچوں کو اکیلا چھوڑ کر ملازمت پر گئے ہوئے تھے۔ فوٹو : فائل

میکسیکو کے ایک گھر میں لگنے والی آگ نے 7 بچوں کی زندگی کے چراغ گُل کردیئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے نواحی علاقے میں واقع لکڑی سے بنی عمارت کی نچلی منزل میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں 7 بچے ہلاک ہوگئے۔


ریسکیو ٹیم نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران گھر میں موجود ساتوں بچے مکمل طور پر جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ ان کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے والدین ملازمت کے سلسلے میں گھر سے باہر تھے جب کہ گھر میں صرف بچے موجود تھے جن کی عمریں 3 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ والدین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

پولیس نے حادثے کی وجہ گیس ہیٹر کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں گھر کی تعمیر میں زیادہ تر لکڑیوں اور تارکول کا استعمال کیا جاتا ہے جو آگ کے تیزی سے پھیلنے کا سبب بنتے ہیں۔
Load Next Story