آسٹریلیا میں اژدھے نے مینڈکوں کو خود پر سوارکرکے انہیں بچالیا

مونٹی نامی اژدھا مینڈکوں کو کھاتا ہے تاہم تصاویرمیں وہ مینڈکوں کو سوار کراکے دوسری جگہ لے جارہا ہے

آسٹریلیا میں بارش اور سیلاب کے بعد ایک اژدھا مینڈکوں کو لفٹ دے کر محفوظ مقام تک لے جارہا ہے۔ فوٹو: بشکریہ گارجیئن

آسٹریلیا میں رات کے دوسرے پہر ایک کسان نے عجیب منظر دیکھا کہ ایک اژدھا کئی مینڈکوں (ٹوڈز) کو سوار کراکے انہیں کسی محفوظ جگہ لے جارہا ہے۔

خیال ہے کہ اس علاقے میں آنے والے شدید سیلاب سے ان مینڈکوں کے گھروں (کھو) میں پانی بھر گیا تھا اور انہوں نے وہاں سے نکلنے کے لیے اژدھے کی خدمات حاصل کی تھیں۔ کسان پال موک کے مطابق اس کے کھیت میں ہزاروں مینڈک پائے جاتے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=SgTkJ5Gqfls


پال کے مطابق یہ اژدھا اس کا دیکھا بھالا ہے اوراس سے قبل ایک چھوٹے کینگرو کو سالم نگل چکا ہے۔ کسان نے دیکھا کہ رات کے ڈیڑھ بجے بارش کے پانی کی وجہ سے ہزاروں مینڈک محفوظ اونچے مقامات کی تلاش میں تھے کہ اس نےاژدھے کی پیٹھ پرمزے سے بیٹھے کئی کین مینڈک دیکھے اوراژدھا ان کے لیے ٹرانسپورٹ کا کام کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا۔ واضح رہے کہ برسات کا یہ موسم مینڈکوں کے ملاپ اورنسل خیزی کا دور بھی ہے۔



زیتونی نسل کا اژدھا اگرچہ مینڈکوں کوکھاتا ہے لیکن اس منظرمیں اسے کسی مینڈک کو کھاتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ پال کا خیال ہے کہ شاید پہلے یہ بہت سے مینڈکوں کوکھا کرپیٹ بھرچکا ہے اوراس کے بعد باقی مینڈکوں کو لے کر محفوظ مقام تک گیا ہے۔
Load Next Story