ڈگری، شوگر مل ملازمین 5 ماہ کی تنخواہوں سے محروم

ڈگری: ڈگری شوگر ملز کے ملازمین 5 ماہ کی تنخواہوں سے محروم، شوگر ملز کے ایک ملازم کی 12 سالہ بیٹی علاج کی رقم نہ ہونے کے باعث دم توڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق شوگر ملز نے ملازمین کو 5 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کیں، ملازمین کسمپرسی کے عالم میں ہیں، بڑی تعداد میں ملازمین نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے پر پریس کلب ڈگری میں اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ ہمارے ساتھی کی 12سالہ بچی رقم نہ ہونے کے باعث علاج سے محروم رہتے ہوئے دم توڑ گئی۔

سود پر بھی رقم لی مگر اتنی نہ مل سکی جس سے علاج ہوجاتا، اب قرض بشمول سود بڑھ رہا ہے، ہماری کوئی فریاد نہیں سنتا، اگرہمارا نام شائع ہوا تو خدشہ ہے کہ ہمیں نوکریوں سے نکال کر بے روزگار کردیا جائے گا، انھوں نے حکومت پاکستان اور متعلقہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہماری آواز اٹھائیں تاکہ مظلوم ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ہوسکے۔