پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریزکا آخری میچ آج کھیلا جائے گا

فتح کی صورت میں پاکستان سیریز اپنے نام کرلے گا اور اگر فتح ویسٹ انڈیز کے ہاتھ آئی تو سیریز 2-2 سے برابر ہوجائے گی

پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں آج ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گے، سیریز میں گرین شرٹس کو کالی آندھی پر 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

سینٹ لوشیا کے بیوسجور کرکٹ اسٹیڈیم میں آج مسلسل تیسری بار دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، آخری ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان پنجہ آزمائی پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگی تاہم گزشتہ تمام میچز کی طرح آج کے معرکے میں بھی خراب موسم کےآڑے آنے کے پورے امکانات موجود ہیں۔


قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق آخری مقابلہ بھی جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے لئے بے چین ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں، وکٹ کیپر محمد رضوان، مڈل آرڈر بیٹسمین عمر امین اور لیفٹ آرم اسپنر عبدالرحمان اب تک کسی بھی میچ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکے، اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سعید اجمل کی جگہ عبدالرحمان اور احمد شہزاد کی جگہ محمد رضوان کو کالی آندھی کے خلاف موقع ملے۔

واضح رہے کہ پاکستان 1988 کے بعد کبھی بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف اس کی سرزمین پر ایک روزہ سیریز نہیں ہارا، 5 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوچکا ہے، آخری میچ میں فتح کی صورت میں پاکستان سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلے گا اور اگر آخری میچ میں فتح ویسٹ انڈیز کے ہاتھ آئی تو سیریز 2-2 سے برابر ہوجائے گی۔
Load Next Story