قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

اسرائیلی فوج نے چوکی کے قریب سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار فلسطینی نوجوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی

شہید ہونے والے 19 سالہ فلسطینی نوجوان عبداللہ فیصل ہونہار طالب علم تھے۔ فوٹو : فیس بک

فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج نے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 سالہ عبداللہ فیصل عمر شہید اور ایک 15 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس پر قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت کا تازہ واقعہ الجالامہ گاؤں کی ایک چوکی پر پیش آیا جہاں سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار فلسطینی نوجوانوں کو اسرائیلی فوج نے براہ راست گولی کا نشانہ بنایا۔


اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 19 سالہ عبداللہ فیصل عمر نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا جب کہ 15 سالہ عمر احمد ہنانا زخمی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نوجوانوں کی ٹانگوں اور کمر پر گولیاں لگیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ فلسطینی نوجوان جنین کے علاقے کی چوکی پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے آئے تھے اس لیے ردعمل میں نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر علاقہ مکینوں نے اسرائیلی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نوجوان غیر مسلح تھے اور موٹر سائیکل پر جنین کی چوکی کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی۔
Load Next Story