پی پی انسانی حقوق کے تحفظ کیلیے کوشاں ہے سسی پلیجو

ہندو لڑکیوں کی زبردستی شادی اور مذہب تبدیل کرانے کیخلاف بل جلد اسمبلی میں پیش کرینگے

حیدرآباد: صوبائی وزیر سسی پلیجوشکیل پٹھان کی 14ویں برسی کی تقریب سے خطاب کر رہی ہیں (فوٹو : ایکسپریس)

صوبائی وزیر ثقافت سسی پلیجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ، سماجی اوراقتصادی تفریق کے خاتمے کیلیے نا صرف جدوجہد کر رہی ہے بلکہ قانون سازی بھی کی گئی ہے اور اس ضمن میں مزید قانون بنانے، موجودہ قوانین میں اصلاحات لانے اور ان پر عمل درآمد کرنے کیلیے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم کے نامور رہنما شکیل پٹھان کی 14 ویں برسی کے موقع پر عقیل ابراہیم آڈیٹوریم پریس کلب حیدرآباد میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت خواتین شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق حاصل ہیں جب کہ پاکستان میں شہریوں کو حاصل حقوق بھارت جیسے بڑے جمہوری ملک کے عوام کو بھی حاصل نہیں۔


انہوں نے کہا کہ جبری مشقت، کاروکاری اور غیرمسلم لڑکیوں سے زبردستی شادی یا ان کا مذہب تبدیل کروانے جیسے سماجی مسائل کے حل کیلیے ہمیں مشترکہ جدوجہد کرنی ہو گی، پیپلز پارٹی نے ہندو لڑکیوں کی زبردستی شادی کرانے یا ان کا زبردستی مذہب تبدیل کروانے کیخلاف قانون سازی کیلیے صوبے سے تجاویز لی ہیں اور بہت جلد اس ضمن میں دو یا تین بل اسمبلی میں پیش کیے جائینگے ۔ سسی پلیجو نے انسانی حقوق کے تحفظ اور کسانوں کے حقوق کیلیے جدوجہد پر مرحوم شکیل پٹھان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ شکیل پٹھان جیسے کردار وں کی آج معاشرے میں زیادہ ضرورت ہے ۔

قبل ازیں تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے نسرین شکیل نے کہا کہ ان کا خاندان شکیل پٹھان کی شروع کردہ جدوجہد کو تادم مرگ جاری رکھے گا، تقریب سے سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالرحمان راجپوت ، مومن خان مومن ، سینئر صحافی سہیل سانگھی کے علاوہ شکیل پٹھان کے فرزند عدیل پٹھان پریس کلب کے صدر حمید الرحمان ، فر حان آفندی ، شاہد شیخ ، عثمان اجمیری ، اظہر فاروق ، مہیش کمار ، منو بھیل ، نووو بھیل ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story